پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت قومی دھارے میں شامل ہونے والوں کیلئے حکومت خصوصی اقدامات کررہی ہے، تحفظ، تعلیم، صحت ،روز گاراور ہنر سکھانے سمیت تمام سہولتیں فراہم کریں گے،کمشنر قلات ڈویژن

ہفتہ 27 اگست 2016 13:36

خضدار۔27اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست۔2016ء) کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا ہے کہ مملکت خدا داد پاکستان ہمارے لئے ایک نعمت سے کم نہیں، ہمارا فرض ہے کہ اس کی ترقی اور خوشحالی کے لئے دن رات ایک کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے کمشنر کا نفرنس روم میں پرامن بلوچستان پالیسی کے بارے میں منعقد ہ اجلاس سے خطاب کے دوران کیا۔

انہوں نے کہا کہ عوام ہر قسم کے منفی پراپیگنڈوں پر کان نہ دھر یں اور قومی دھارے میں شامل ہوکر اپنا کردار ادا کریں۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر قلات ڈویژن ممتاز احمد بلوچ،ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس قلات رینج احسان منظور، ڈپٹی کمشنر خضدار محمد عالم فراز، ڈپٹی کمشنر آواران عبدالرازق دلاوری، ڈپٹی کمشنر واشک صلاح الدین اچکزئی، ڈپٹی کمشنر لسبیلہ زوالفقار علی شاہ، ایس پی قلات لعل جان بلوچ ،ایس پی خضدار محمد اشرف جتک، ایس پی واشک دوستین دشتی ،ایس پی آواران عبدالعزیز جھکرانی ودیگر اعلیٰ آفیسران نے شرکت کی، قبل ازیں شرکاء اجلاس نے اپنے اپنے علاقوں میں پرامن بلوچستان پالیسی اور امن و امان سے متعلق بریفنگ دی اور درپیش مسائل و مشکلات سے آگاہ کیا، کمشنر قلات ڈویژن محمد ہاشم غلزئی نے کہا کہ پرامن بلوچستان پالیسی کے تحت قومی دھارے میں شامل ہونے والوں اور ان کے بچوں کے لئے حکومت خصوصی اقدامات کررہی ہے، انہیں تحفظ، تعلیم، صحت ،روز گاراور ہنر سکھانے سمیت تمام سہولتیں فراہم کریں گے، انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو دیگر سہولتوں کے علاوہ امن و امان کی بہتر صورتحال فراہم کرنے کے لئے کوشاں ہے ڈویژن کے تمام اضلاع میں امن و امان کے قیام کے لئے خصوصی اقدامات اور قومی شاہراہ کو محفوظ بنانے کے لئے بھی اقدامات کئے گئے ہیں جن کو عوام کے تعاون سے مزید بہتر بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ ڈپٹی کمشنرز اپنے علاقے کے قبائلی عمائدین اور بلدیاتی نمائندوں کے ساتھ ملکر عوام کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنائیں اس سلسلے میں کو ئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔

متعلقہ عنوان :