بلوچستان: سریاب کے علاقوں میں کومبنگ آپریشن،9دہشت گرد گرفتار

ہفتہ 27 اگست 2016 13:19

کوئٹہ،برنائی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔27 اگست۔2016ء)فرنٹیرکور بلوچستان(ایف سی) اور پولیس نے کومبنگ آپریشن کے دوران مزید 9دہشت گردوں کو گرفتار کرلیا ، دہشت گردوں کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ و گولہ بارود برآمد کرلیا گیا ، ملزمان کو مزید تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ۔ترجمان ایف سی کے مطابق جمرات گئے اورہفتہ علی الصبح خفیہ اطلاعات پر سریاب کے علاقوں اسماعیل آباد اور موسیٰ کالونی میں پولیس کے ساتھ ملکر سرچ آپریشن شروع کیا گیا جس کے دوران 9دہشت گردوں کو حراست میں لیا گیا جن کے قبضے سے بھاری مقدار میں اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے ۔

ذرائع کے مطابق دہشت گردوں کا تعلق لشکرجھنگوی اور کالعد تحریک طالبان سمیت مختلف تنظیموں سے ہے۔

(جاری ہے)

ملزمان کو تفتیش کیلئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ ملزمان بلوچستان میں ٹارگٹ کلنگ ، بم دھماکوں اور سرکاری املاک بالخصوص گیس پائپ لائنوں اور بجلی کے ٹاور اڑانے کی وارداتوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں کو مطلوب تھے ۔

ذرائع کے مطابق ابھی تک ملزمان کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ۔ذرائع کے مطابق بلوچستان کے مختلف علاقوں میں قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے سرچ آپریشن کے ساتھ ساتھ خفیہ آپریشنز بھی جاری رکھے ہوئے ہیں اور اس دوران متعدد مشکوک افراد کو بھی حراست میں لیا گیا ہے جن سے تفتیش کی جارہی ہے، ذرائع نے بتایا کہ بے گناہ افرادکو تفتیش کے بعد رہا کردیا جائے گا جبکہ جرائم میں ملوث افراد کو پولیس حوالے کردیا جائیگا۔دوسری جانب ایف سی نے برنائی کے دشوار ترین پہاڑی سلسلے میں کارروائی کر کے 8 انٹی ٹینک مائنر سمیت بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کر لیا ہے جبکہ غار کے اندرونی حصے سے ایل ایم بی سمیت25 ہزار گولیاں بھی برآمد کر لی ہیں۔