اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب،موسم خو شگوار ہوگیا

ہفتہ 27 اگست 2016 13:05

اسلام آباد سمیت مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر ..

اسلام آباد /لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء ) وفاقی دارالحکومت سمیت لاہور اور پنجاب کے مختلف علاقوں میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی،اسلام آباد میں بارش سے سڑکوں پر پانی جمع ہو گیا جس سے ٹریفک کی روانی شدید متاثر ہوئی ، لاہور میں تیز بارش کے باعث لیسکو کے ایک175 فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور تاحال ان کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جاسکا، گرین ٹاوٴن میں بارش کے باعث خستہ حال چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

اسلام آباد ،لاہور اور گردو نواح میں ہفتہ کو موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔

(جاری ہے)

شدید بارش کے باعث لاہور میں اچھرہ، شادمان، مسلم ٹاوٴن، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، پنجاب یونی ورسٹی، رائے ونڈ روڈ، چائنا اسکیم، شاد باغ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ، مصری شاہ روڈ، موریہ پل اور اعظم ٹاوٴن میں سڑکوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہو گیا جب کہ کئی نشیبی علاقوں گھروں میں بھی پانی جمع ہو گیا ۔

تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی ہونے سے شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے بچوں کو سکول جانے اور شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔ بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا۔ تیز بارش کے باعث لیسکو کے ایک سو پچہتر فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور تاحال ان کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جاسکا۔

لاہور کے علاقے گرین ٹاوٴن میں بارش کے باعث خستہ حال چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی شدید بارش کے باعث لاہور کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :