چینی ہوٹلز میں پاکستان سمیت مسلم ممالک کے شہریوں کے قیام پر پابندی

23ڈالر تک یومیہ کرایہ والے ہوٹلوں کو پولیس نے ہدایت نامہ جاری کردیا،چینی وزارت خارجہ کا اظہارلاعلمی

ہفتہ 27 اگست 2016 12:04

چینی ہوٹلز میں پاکستان سمیت مسلم ممالک کے شہریوں کے قیام پر پابندی

بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اگست ۔2016ء) چین کے میٹروپولیٹن شہر گوانگ ڑو میں پولیس نے ہوٹل انتظامیہ کو ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ پانچ مسلم اکثریت والے ممالک کے شہریوں کو قیام کی اجازت نہ دیں، ان ممالک میں پاکستان بھی شامل ہے۔تاہم چینی وزارت خارجہ نے کہاہے کہ اسے اس حوالے سے بنائی جانے والی کسی پالیسی کا علم نہیں۔برطانوی خبر رساں ایجنسی کی رپورٹ کے مطابق تین ہوٹلز جن میں ایک دن قیام کا کرایہ 23 ڈالر تک ہے، ان کا کہنا تھا کہ پولیس کی جانب سے انہیں مارچ کے مہینے میں ہدایات موصول ہوئی تھیں کہ پاکستان، شام، عراق، ترکی اور افغانستان کے شہریوں کو قیام کی اجازت نہ دیں۔

ہوٹل کے ایک ملازم نے بتایا کہ ان ملکوں کے شہریوں کو قیام کی اجازت نہ دینے کی کوئی وجہ نہیں بتائی گئی۔

(جاری ہے)

بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ ہدایات ان ہوٹلز کو دی گئی ہیں جو انتہائی سستے ہیں اور جن پانچ ممالک کے شہریوں کے حوالے سے احکامات جاری کیے گئے ہیں وہ دہشتگردی سے متاثرہ ہیں جبکہ شام، عراق اور افغانستان حالت جنگ میں ہیں۔میڈیارپورٹس کے مطابق گوانگ ژو میں رواں ہفتے ہونے والے ڈیویلپمنٹ فورم اور ہانگ ژو میں جی ٹوئنٹی سمٹ کی وجہ سے سیکیورٹی سخت کی گئی ہے اور مذکورہ ہدایات اسی سلسلے کی کڑی ہوسکتی ہیں۔

ادھرچینی وزارت خارجہ کے ترجمان لو کانگ کا کہناتھا کہ انہیں گوانگ ژو میں ایسی کسی ہدایات کے جاری ہونے کا علم نہیں ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ جہاں تک چین کا تعلق ہے ہماری پالیسی یہ ہے کہ ہم چین اور دیگر ممالک سے آنے والے لوگوں کے ساتھ دوستانہ رویہ اختیار کرتے ہیں اور ان کو سہولتیں فراہم کرنے کے لیے موزوں پالیسیاں بناتے ہیں۔

متعلقہ عنوان :