لاہور اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش سے نشیبی علاقے زیر آب،175فیڈرٹرپ کر نے سے بجلی کی فراہمی معطل

ہفتہ 27 اگست 2016 11:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اگست ۔2016ء ) لاہور اور گردو نواح میں موسلا دھار بارش کے باعث نشیبی علاقے زیر آب آ گئے جب کہ کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی،بارش لاہور والوں کے لئے زحمت ثابت ہوئی ،دو گھنٹے جاری رہنے والی تیز بارش کے باعث لیسکو کے ایک سو پچہتر فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور تاحال ان کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جاسکا، گرین ٹاوٴن میں بارش کے باعث خستہ حال چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں ہسپتال منتقل کردیا گیا ۔

لاہور اور گردو نواح میں ہفتہ کی صبح سے ہی موسلا دھار بارش کا سلسلہ جاری رہا۔ شدید بارش کے باعث لاہور میں اچھرہ، شادمان، مسلم ٹاوٴن، ہربنس پورہ، گڑھی شاہو، پنجاب یونی ورسٹی، رائے ونڈ روڈ، چائنا اسکیم، شاد باغ، ڈیوس روڈ، کینال روڈ، فیروزپور روڈ، مصری شاہ روڈ، موریہ پل اور اعظم ٹاوٴن میں سڑکوں اور انڈر پاسز میں پانی جمع ہو گیا ہے جب کہ کئی نشیبی علاقوں گھروں میں بھی پانی جمع ہو گیا ۔

(جاری ہے)

تیز بارش کے باعث سڑکوں پر پانی ہونے سے شدید ٹریفک جام ہو گیا اور گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کی وجہ سے بچوں کو سکول جانے اور شہریوں کو دفاتر جانے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ بارش کے باعث کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی بھی معطل ہو گئی ۔ بارش کے باعث علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر فلائٹ آپریشن بھی معطل کر دیا گیا۔بارش لاہور والوں کے لئے زحمت ثابت ہوئی ،دو گھنٹے جاری رہنے والی تیز بارش کے باعث لیسکو کے ایک سو پچہتر فیڈر ٹرپ کر گئے جس کے باعث شہر کے کئی علاقوں میں بجلی کی فراہمی معطل ہوگئی اور تاحال ان کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا جاسکا۔

لاہور کے علاقے گرین ٹاوٴن میں بارش کے باعث خستہ حال چھت گر گئی جس کے نتیجے میں دو افراد زخمی ہوئے جنہیں اسپتال منتقل کردیا گیا۔ ۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ بارش کا یہ سلسلہ آئندہ 3 روز تک جاری رہنے کا امکان ہے۔واضح رہے کہ دو روز قبل بھی شدید بارش کے باعث لاہور کے نشیبی علاقوں میں کئی کئی فٹ تک پانی جمع ہونے سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کر رہ گیا تھا۔

متعلقہ عنوان :