افغان صدر اور چیف ایگزیکٹیو کی ملاقات

ہفتہ 27 اگست 2016 11:34

کابل ۔ 27 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اگست ۔2016ء) ا فغانستان کے صدر اور چیف ایگزیکٹو نے اختلافات کے حل کے لئے مذاکرات جاری رکھنے پر اتفاق کیا ہے۔ افغان ایوان صدر نے اعلان کیا ہے کہ دونوں رہنماوٴں کی ملاقات میں ملک کے اہم مسائل پرتبادلہ خیال اور اختلافات کے حل کے لئے مذاکرات کا سلسلہ جاری رکھنے پر اتفاق کیا گیا۔ قابل ذکر ہے کہ افغانستان کے صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ کے درمیان اختلافات میں شدت آنے کے بعد یہ دوسری ملاقات ایوان صدر میں انجام پائی۔

رپورٹ کے مطابق اس ملاقات میں صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹو عبداللہ عبداللہ نے قومی وفاق کی حکومت کو درپیش چیلنجوں اور مشکلات سے نمٹنے کی راہوں کے بارے میں اپنے اپنے نظریات بیان کئے۔

(جاری ہے)

افغان ایوان صدر نے اعلان کیا ہے کہ صدر مملکت اور چیف ایگزیکٹیو نے اتفاق کیا ہے کہ آئندہ ہفتے مشترکہ نشستوں میں زیادہ سنجیدگی اور توجہ کے ساتھ اختلافات کو حل کرنے اور مشکلات سے نمٹنے کے بارے میں اتفاق رائے حاصل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔

بتایا گیا ہے کہ اس ملاقات میں ان مسائل کے بارے میں، جن پر صدر اشرف غنی اور چیف ایگزیکٹیو عبداللہ عبداللہ کے درمیان اختلاف پایا جاتا ہے کوئی اتفاق نہ ہوسکا لیکن دونوں رہنماوٴں نے قومی وفاق کی حکومت کے سیاسی سمجھوتے کے دائرے میں مسائل کو حل کرنے کے لئے مشترکہ نشستیں جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔