چینی حکام نے شہر میں پاکستانیوں کے ٹھہرنے پر پابندی لگا دی۔ تمام ہوسٹلز کو منع کردیا

Ameen Akbar امین اکبر جمعہ 26 اگست 2016 23:45

چینی حکام نے شہر میں پاکستانیوں کے ٹھہرنے پر پابندی لگا دی۔ تمام ہوسٹلز ..

چین کے صوبہ گوانگڈونگ کے شہر گوانگژوکے کچھ ہوسٹل آپریٹرز کا کہناہے کہ پولیس نے انہیں اگلے ماہ کے وسط تک پاکستان سمیت پانچ ایشیائی اور مشرق وسطیٰ کے ممالک کے لوگوں کو اپنے ہوسٹلز میں نہ ٹھہرانے کا حکم دیا ہے۔
شہر کے کئی حصوں کے ہوسٹلز نے ساؤتھ چائنا مارننگ پوسٹ کو تصدیق کی ہے کہ پولیس نے انہیں اس ہفتے سے افغانستان، ترکی، عراق، شام اور پاکستان کے لوگوں کو ہوسٹلز میں نہ ٹھہرانے کا کہنا ہے۔


گوانگژو میں جمعرات اور جمعہ کو 11ویں پان پرل ریور ڈیلٹا ریجنل کارپوریشن اینڈ ڈویلپمنٹ فورم کی تقریب منعقد ہوئی ہے جبکہ جی 20 لیڈرز سمٹ مشرقی چین کے شہر ہوانگژو میں 4 اور 5 ستمبر کو منعقد ہوگا۔
یوگزیو ضلع کے ایک ہوسٹل کے فرنٹ ڈیسک پر کام کرنے والے نے اپنا نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انہیں تحریری نوٹس دیا گیا تھا جس میں بغیر کوئی وجہ بتائے 10 ستمبر تک پانچ ممالک کے لوگوں کو ہوسٹل میں نہ رکھنے کا کہا گیا ہے۔

(جاری ہے)

گوانگژو کے کچھ دوسرے ہوسٹلز نے بھی اسی طرح بتایا اور کہا کہ یہ پابندی اکتوبر تک رہے گی۔
پولیس کا کہنا ہے کہ یہ پابندی فائیو سٹارہوٹلز جیسے گارڈن ہوٹل یا وائٹ سوان یا پھر برانڈ نیم بجٹ ہوٹلز پر لاگو نہیں ہوگی۔پولیس کا کہناہے کہ قریبی شہروں جیسے فوشان، یووو اور شینزن میں بھی یہ پابندی لاگو نہیں ہوگی۔
گوانگژو اکیڈمی آف سوشل سائنسز کے ڈاکٹر پنگ پنگ کا کہنا ہے کہ یہ اقدام عوامی طور پر نہیں اٹھایا گیا۔ اس کا مقصد گوانگژو کے چھوٹے ہوسٹلز میں سیکورٹی خدشات کو کم کرناہے۔
کہا جارہا ہے کہ جی 20 سمٹ کے بعد کچھ مغربی حکام گوانگژو آ سکتے ہیں، اسی خدشے کے پیش نظر یہ پابندی عائد کی گئی ہے۔