Live Updates

فرانسیسی عدالت نے مسلم خواتین کے برقینی پہننے پرعائد پابندی معطل کردی، ایمنسٹی انٹرنیشنل کا خیرمقدم

برقینی پر پابندی نہ صرف واضح اور غیرقانونی طور پر آزادی کے ساتھ گھومنے پھرنے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ فرد واحد کی آزادی سمیت عقائد کی بھی خلاف ورزی ہے،عدالت کا فیصلہ

جمعہ 26 اگست 2016 23:00

فرانسیسی عدالت نے مسلم خواتین کے برقینی پہننے پرعائد پابندی معطل کردی، ..

پیرس(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) فرانس کی اعلیٰ عدالت نے ساحلی قصبے ویلینیو لوبٹ میں مسلم خواتین کے برقینی پہننے پر عائد پابندی معطل کردی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق فرانسیسی کورٹ نے برقینی پر عائد پابندی اٹھاتے ہوئے کہا ہے کہ پابندی نہ صرف واضح اور غیرقانونی طور پر آزادی کے ساتھ گھومنے پھرنے کے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے بلکہ فرد واحد کی آزادی سمیت عقائد کی بھی خلاف ورزی ہے۔

عدالت کے فیصلے کے بعد وہ تمام مقامات جہاں برقینی پر پابندی ہے ممکنہ طور پر اٹھائی جاسکتی ہے تاہم کورسیکا کے مئیر نے اپنے شہر میں برقینی پر پابندی کو برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔دوسری جانب جن لوگوں پر برقینی پہننے کی وجہ سے جرمانہ عائد کیا گیا ہے وہ اپنی رقم واپس لے سکتے ہیں جب کہ عدالت پابندی کے قانونی پہلؤوں کے حوالے سے اپنا مکمل فیصلہ بعد میں سنائے گی۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ فرانسیسی حکام نے فرانس کے بعض ساحلی علاقوں میں برقینی پہنے پر پابندی لگادی تھی اور وجہ یہ بتائی گئی تھی کہ یہ سیکیولرزم کے قانون کے منافی ہے۔ برقینی پہنے پر پابندی کا تنازع اس وقت سامنے آیا جب فرانسیسی شہر نیس کے ساحل پر پولیس نے ایک خاتون سے برقینی اتروائی جس کے بعد لوگوں کی جانب سے شدید ردعمل دیکھنے میں آیا تھا۔کینیڈین وزیراعظم اور لندن کے میئر نے مسلم خواتین کے برقینی پہننے پرعائد پابندی کی مخالفت کی تھی جبکہ میڈیا میں بھی اس عمل کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا گیا تھا۔

انسانی حقوق کے دو گروپوں کے وکلاء کی طرف سے بْرقینی پر عائد پابندی کے خلاف اس اعلیٰ عدالت سے رجوع کیا گیا تھا۔ ان وکلاء کا کہنا تھا کہ برقینی پر پابندی عائد کرنے سے بنیادی حقوق کی خلاف ورزی کی گئی ہے اور اس معاملے میں متعلقہ مئیرز نے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیم ایمنسٹی انٹرنیشنل نے اس عدالتی فیصلے کا خیرمقدم کیا ہے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات