بارش کے دوران عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے، کابینہ کمیٹی متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھے ،موسم کی صورتحال اور دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو 24گھنٹے مانیٹر کیا جائے

وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شرہف کا ویڈیولنک کے ذریعے کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب اجلاس میں لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال اورنکاسی آب کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا وزیراعلیٰ پنجاب کا جاں بحق ہونیوالی دونوں بچیوں کے لواحقین کیلئے 5،5 لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

جمعہ 26 اگست 2016 22:27

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے جمعہ کو استنبول سے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں گزشتہ روز شدید بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال اورنکاسی آب کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیااور کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اراکین کو مون سون کے دوران متحرک اورفعال انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ بارش کی صورت میں انتظامیہ،امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے اورمنتخب نمائندے فیلڈ میں موجود رہیں اوربارش کے دوران عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں کیونکہ عوام کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں لہذا محنت،لگن اورعزم کے ساتھ کام کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی کے اراکین متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھیں اورموسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو بھی 24گھنٹے مانیٹر کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے مناواں میں چھت گرنے اورسبزہ زار میں کرنٹ لگنے سے دوبچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونیوالی دونوں بچیوں کے لواحقین کیلئے پانچ ،پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز بارش کے دوران نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے اگلے چند روزکے دوران موسم کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ،بلال یاسین ،چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹری صاحبان،انتظامی افسران اوراعلی حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔