وفاقی حکومت کی ایم کیو ایم پر مکمل پابندی کیلئے تمام شواہد پر مشاورت

ایم کیو ایم قائد کی جانب سے پارٹی کارکنوں کو میڈیا پر تشدد پر اکسانے کے شواہدبرطانوی پولیس کو فراہم کر نیکا فیصلہ سندھ حکومت نے تمام ثبوت وفاقی وزارت داخلہ کو بھجوادیئے، یہ برطانوی حکومت کے ذریعے سکاٹ لینڈ یارڈ کو بھجوائے جائینگے، چوہدری نثار نے ایم کیو ایم قائد کی پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی پر برطانوی حکام اور ہائی کمشنر کو فون کر کے احتجاج ریکارڈ کروایا ، الطاف حسین کے خلاف برطانیہ میں لیگل کونسل کی خدمات بھی حاصل کی جا ئیں گی، ذرائع

جمعہ 26 اگست 2016 22:16

وفاقی حکومت کی ایم کیو ایم پر مکمل پابندی کیلئے تمام شواہد پر مشاورت

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) پاکستان نے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی جانب سے پارٹی کارکنوں کو میڈیا پر تشدد پر اکسانے پر شواہدبرطانوی پولیس کو فراہم کر نے کا فیصلہ کر لیا،وزارت داخلہ تمام ثبوت برطانوی حکومت کے ذریعے سکاٹ لینڈ یارڈ کو بھجوائے گی،سندھ حکومت نے ایم کیو ایم قائد کیخلاف تمام ثبوت وفاقی وزارت داخلہ کو بھیج دئیے،وفاقی حکومت نے ایم کیو ایم پر مکمل پابندی کیلئے تمام شواہد پر بھی مشاورت شروع کر دی ہے۔

ذرائع کے مطابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیو ایم قائد الطاف حسین کی جانب سے پاکستان کیخلاف ہرزہ سرائی کے فوراً بعد برطانوی ہائی کمشنر کو فون کر کے ان کو احتجاج ریکارڈ کروایا۔ذرائع کے مطابق وزارت داخلہ اس حوالے سے برطانوی حکومت کیساتھ مسلسل رابطے میں ہے،اور برطانیہ میں پاکستانی ہائی کمشنر بھی برطانوی حکام کیساتھ مسلسل رابطے میں ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کراچی دورہ کر کے وفاقی حکومت اور سندھ حکومت کو ایم کیو ایم کے حوالے سے ایک پیج پر رہنے کا پیغام پہنچایا، جس پر وزیر اعلیٰ سند مراد علی شاہ نے وزیر داخلہ کو اس حوالے سے تمام ممکن مدد کی یقین دہانی کروائی اور ایم کیو ایم قائد کیخلاف تمام ثبوت وفاقی وزارت داخلہ کو بھیج دئیے۔ذرائع کے مطابق وفاقی وزارت داخلہ نے اس مرتبہ ایم کیو ایم قائدالطاف حسین کیخلاف مضبوط کیس تیار کر نے کا فیصلہ کیا ہے،اس حوالے سے وزارت داخلہ کو سند ھ حکومت کی جانب سے فراہم کئے گئے تمام ثبوت برطانوی پولیس کو منگل تک فراہم کر دئیے جائیں گے ،ذرائع کے مطابق الطاف حسین کے خلاف مقدمہ جلا? گھیراو اور میڈیا ہاسز پر حملوں کی بنیاد پر بنا جائے گا، ذرائع کے مطابق الطاف حسین کے پاس پاکستانی پاسپورٹ نہیں ہے صرف برطانوی پاسپورٹ ہے ، اسلئے پاکستان کا الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق الطاف حسین کی جانب سے پارٹی کارکنوں کو میڈیا پر تشدد پر اکسانے کا جرم برطانوی قوانین پر پورا اترتا ہے۔ ذرائع کے مطابق اسکاٹ لینڈ یارڈ کی قانونی معاونت کیلئے لیگل کونسل کی خدمات حاصل کی جا ئیں گی ، دوسری جانب وزارت داخلہ نے ایم کیو ایم پر مکمل پابندی کیلئے قانونی مشاورت شرو ع کر دی ہے