فہد قتل کیس کی ویڈیو فوٹیج غائب کرانے کی خبروں میں کوئی صداقت نہیں، واقعے سے متعلقہ شواہدپولیس کے پاس موجود ہیں ،کیس کے زیرِتفتیش ہونے کے سبب شواہدکی تفصیلات جاری نہیں کی جاسکتیں

ترجمان اسلام آباد پولیس کی فہد قتل کیس کی ویڈیو فوٹیج مبینہ طور پرغائب کرائے جانے کی خبروں کی تردید

جمعہ 26 اگست 2016 22:09

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء ) اسلام آباد پولیس نے فہد قتل کیس کی ویڈیو فوٹیج مبینہ طور پرغائب کرائے جانے کے حوالے سے شائع ہونے والی خبر کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بیرسٹر فہد قتل کیس کی تفتیش نہایت مستعدی اور قانون کے تقاضوں کے عین مطابق جا ری ہے ، وقوعے کی ویڈیو فوٹیج غائب ہونے کی خبر میں قطعاً کوئی صداقت نہیں۔

جمعہ کو اسلام آباد پولیس کے ترجمان نے اپنے بیان میں کہا کہ کیس کے زیر تفتیش ہونے کے سبب پولیس کے پاس موجود شواہدکی تفصیلات جاری نہیں کی جا سکتیں۔ بعض عناصر کی جانب سے بیرسٹر فہد قتل کیس کو سیاسی رنگ دینے کی کوشش پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے ترجمان نے کہا کہ فہد قتل کیس کی تحقیقات کے لئے قابل افسران پر مشتمل اعلیٰ سطحی کمیٹی قائم کی گئی ہے جو قانونی تقاضوں کے مطابق کیس کی تفتیش کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

ترجمان نے کہا کہ مجرمان کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے اور اس کیس میں انصاف کے تقاضوں کو پورا کیا جائے گا۔ ترجمان نے کہا کہ کیس کی حساس نوعیت اس بات کی متقاضی ہے کہ غیر مصدقہ خبروں کی اشاعت سے گریز کیا جائے کیونکہ غلط معلومات پر مبنی خبر نہ صرف کیس کی تفتیش پر منفی اثرات ڈال سکتی ہے بلکہ انصاف کے متقاضی غمزدہ خاندان کے لئے بھی مزید پریشانیوں کا باعث بن سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :