الیکشن کمیشن کی وزیر اعلیٰ سندھ کی طرف سے میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی کرنے کیلئے درخواست والے بیان کی تردید

الیکشن کمیشن کی طرف سے مراد شاہ کوایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی ، ترجمان

جمعہ 26 اگست 2016 22:09

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی طرف سے سندھ میں میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی کرنے کے لئے الیکشن کمیشن کی درخواست والے بیان کی تردید کردی ،کمیشن نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کی طرف سے وزیراعلیٰ کوایسی کوئی درخواست نہیں کی گئی ۔

(جاری ہے)

جمعہ کو کمیشن سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ الیکشن کمیشن نے 29اگست کو کراچی میں 28جولائی کو جاری کئے گئے شیڈول کے مطابق میئر اور ڈپٹی میئرز کے انتخابات کرائے ، کی بھی موقع پر یہ انتخابات ملتوی کرنے پر کوئی غوروخوص ہوا نہ ہی صوبائی حکومت کے ساتھ اس طرح کی کوئی تجویز زیر بحث آئی۔

الیکشن کمیشن توقع کرتا ہے کہ سندھ حکومت وزیراعلیٰ کے بیان کی وضاحت کرے گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعلیٰ سندھ نے کہا تھا کہ الیکشن کمیشن نے 29اگست کو میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخابات ملتوی کرنے کی درخواست کی تھی