Live Updates

تحریک انصاف پر بغاوت کا الزام بے بنیاد ہے،مسلم لیگ (ن) کی گروپنگ کی وجہ سے کراچی اتحاد کو 4 ووٹ کم ملے، فردوس شمیم نقوی

ایم کیو ایم جب تک الطاف حسین سے مکمل لاتعلقی اور جرائم پیشہ عناصر سے دور نہیں ہوتی ہے، تحریک انصاف کا کبھی بھی اتحاد نہیں ہوسکتا ، پریس کانفرنس سے خطاب

جمعہ 26 اگست 2016 21:54

تحریک انصاف پر بغاوت کا الزام بے بنیاد ہے،مسلم لیگ (ن) کی گروپنگ کی وجہ ..

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کراچی ریجن کے صدر فردوس شمیم نقوی نے کہا ہے کہ ضلع غربی میں ایم کیو ایم کے بہاری قومی موومنٹ کے ارکان نے الطاف حسین کی تقریر اور پاکستان کے خلاف نعرے بازی سے متنفر ہو کر تحریک انصاف کے وائس چیئرمین کو ووٹ دیا اور چیئرمین کے لئے اپنا ووٹ ضائع کردیا تھا۔ تحریک انصاف پر بغاوت کا الزام بے بنیاد ہے۔

مسلم لیگ (ن) کی گروپنگ کی وجہ سے کراچی اتحاد کو 4 ووٹ کم ملے۔ ایم کیو ایم جب تک الطاف حسین سے مکمل لاتعلقی اور جرائم پیشہ عناصر سے دور نہیں ہوتی ہے، تحریک انصاف کا کبھی بھی اتحاد نہیں ہوسکتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو انصاف ہاؤس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ان کے ہمراہ رکن سندھ اسمبلی و تحریک انصاف کراچی کے سینئر نائب صدر خرم شیر زمان ،کراچی ریجن کے جنرل سیکریٹری سردار عزیز خان، نو منتخب وائس چیئرمین عزیز آفریدی، منصور شیخ، تحریک انصاف کے رہنما دوا خان صابر اور دیگر بھی موجود تھے۔

فردوس شمیم نقوی نے پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی ڈپٹی سیکریٹری جنرل عمران اسماعیل اور سینئر رہنما فیصل واؤڈا پر فائرنگ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت اور سیکورٹی ادارے عوام کی جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنائیں ۔کراچی میں آپریشن جاری رہنے کے باوجود بھی سیاسی رہنماؤں کے ساتھ اس طرح کے واقعات پیش آنافکر انگیز بات ہے ۔

وزیر اعلیٰ سندھ واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فوری تحقیقات کا حکم دیں۔اس طرح کے واقعات سے انصاف کی آواز کو دبایا نہیں جا سکتا ہم کسی سے ڈرنے والی نہیں ۔ فردوس نقوی نے مزید کہا کہ تحریک انصاف ’’کراچی اتحاد‘‘ کا حصہ اس لئے بنی کیونکہ ایم کیو ایم نے ہمیشہ اس شہر کے امن و امان اور معیشت کو تبا ہ کرنے کی کوشش کی ہے اس لئے ہم چاہتے تھے کہ کراچی کی دیگر سیاسی جماعتیں مل کر کراچی کی خدمت کا موقع ملنا چا ہئے ۔

کچھ لوگ تحریک انصاف پر یہ الزام لگا رہے ہیں کہ ضلع غربی میں پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم سے اتحاد کیا ہے۔ ایم کیو ایم وہ جماعت ہے جس کو ہمارے قائد عمران خان نے سب سے پہلے بے نقاب کیا۔ ہم نے متحدہ کے خلاف سب سے پہلے ٹی وی چینلز پر آواز اٹھائی، احتجاج کئے ،لندن میں مقدما ت کئے۔ ہم ان کے ساتھ کیسے اتحاد کر سکتے ہیں؟ متحدہ نے کراچی کے امن کو تباہ کرنے کی ہمیشہ کوشش کی ہے ۔

متحدہ قائد کے آس پاس رہنے والوں نے یہ کہا کہ متحدہ ایک دہشت گرد جماعت ہے۔ تحریک انصاف ایک شفاف سیاسی جماعت ہے ہمارا دہشت گردوں سے کبھی اتحاد نہیں ہو سکتا۔ ضلع غربی میں تحریک انصاف’’کراچی اتحاد‘‘ کا حصہ رہی ہے۔ن لیگ نے ضلع جنوبی میں متحدہ کے ساتھ اتحاد کیا اور ضلع غربی میں ہمیں کہا کہ تم ملک کے غداروں کے ساتھ ہو۔ ن لیگ اپنے اند ر کے اختلافات کا نقصان کو دوسروں کے سر پر نہ ڈالے۔

تحریک انصاف پاکستان میں عملی تبدیلی چاہتی ہے۔ تحریک انصاف لسانیت اور فرقہ واریت سے بالاتر ہو رکر پاکستان کی بہتری اور ترقی کے لئے جدوجہدکر رہی ہے۔تحریک انصاف ’’کراچی اتحاد‘‘ کا حصہ ہے اور ہمیشہ کراچی کی ترقی کے لئے تمام جماعتوں کو ساتھ لے کر چلیں گے۔ ہم اصولی سیاست پر یقین رکھتے ہیں اس لئے کراچی کے میئر کے اختیارات کے لئے بھی کوششیں کر رہے ہیں ۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات