وزیراعلیٰ پنجاب کا جاں بحق ہونیوالی دونوں بچیوں کے لواحقین کیلئے پانچ ،پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان

شہباز شریف کا مناواں میں چھت گرنے اورسبزہ زار میں کرنٹ لگنے سے دوبچیوں کے جاں بحق ہونے پر دکھ اورافسوس کا اظہار وزیراعلیٰ کا استنبول سے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ، لاہور سمیت دیگر شہروں میں بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال اورنکاسی آب کے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا

جمعہ 26 اگست 2016 21:16

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول ،ترکی سے ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ، لاہور میں کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اجلاس سے خطاب کیا۔وزیراعلیٰ نے لاہور سمیت دیگر شہروں میں گزشتہ روز شدید بارشوں سے پیدا ہونیوالی صورتحال اورنکاسی آب کیلئے کیے جانیوالے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیااور کابینہ کمیٹی برائے فلڈ کے اراکین کو مون سون کے دوران متحرک اورفعال انداز میں فرائض سرانجام دینے کی ہدایت کی۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا کہ بارش کی صورت میں انتظامیہ،امدادی سرگرمیوں سے متعلقہ ادارے اورمنتخب نمائندے فیلڈ میں موجود رہیں اوربارش کے دوران عوام کی مشکلات کو کم سے کم کرنے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایاجائے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بارش کی صورت میں پانی کی نکاسی کے لئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں کیونکہ عوام کی خدمت ایک عبادت سے کم نہیں لہذا محنت،لگن اورعزم کے ساتھ کام کیا جائے۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کابینہ کمیٹی کے اراکین متعلقہ محکموں سے قریبی رابطہ رکھیں اورموسم کی صورتحال کے ساتھ دریاؤں میں پانی کے بہاؤ کو بھی 24گھنٹے مانیٹر کیا جائے ۔وزیراعلیٰ نے مناواں میں چھت گرنے اورسبزہ زار میں کرنٹ لگنے سے دوبچیوں کے جاں بحق ہونے کے واقعات پر دکھ اورافسوس کا اظہارکیا اورسوگوار خاندانوں سے ہمدردی اوراظہار تعزیت کیا۔

وزیراعلیٰ نے جاں بحق ہونیوالی دونوں بچیوں کے لواحقین کیلئے پانچ ،پانچ لاکھ روپے مالی امداد کا اعلان کیا۔وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز بارش کے دوران نکاسی آب کیلئے کیے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہارکیا۔محکمہ موسمیات کے حکام نے اگلے چند روزکے دوران موسم کی صورتحال کے بارے میں بریفنگ دی۔صوبائی وزراء ملک ندیم کامران ،بلال یاسین ،چیف سیکرٹری،متعلقہ سیکرٹری صاحبان،انتظامی افسران اوراعلی حکام ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے ۔