وزیراعلیٰ پنجاب کی ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکراسماعیل خرامان اور وزیر صحت سے ملاقات،محکمہ صحت پنجاب اور ترک وزارت صحت کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط

ترک عوام نے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر اپنے ملک میں جمہوریت کو بچایا ، محمد شہبازشریف ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے پنجاب سے ہرممکن تعاون کرینگے، ترکی سے بھرپور یکجہتی پر پاکستانی قیادت اور عوام کے شکرگزار ہیں ‘ترکش وزیر صحت

جمعہ 26 اگست 2016 21:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کے وزیر صحت رجب اکدغان سے ملاقات کی،جس میں ترکی کے تعاون سے پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کو بہتر بنانے پراتفاق کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے ترکی میں گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش کو ناکام بنانے پر ترکی کی قیادت اورعوام کی بے مثال جدوجہد کو شاندار الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا ۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی میں ماضی میں ٹینک آتے تھے اور اذانوں کی آوازیں بند کرادیتے تھے ،اس دفعہ اذانوں نے ٹینکوں کا راستہ روک دیااورانہیں بھگادیا۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ ترکی کا دشمن ہمار ا دشمن ہے اورجو رجب طیب اردوان کا دشمن ہے وہ میرا بھی دشمن ہے۔ترکش وزیر صحت نے وزیراعلیٰ پنجاب سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترکی کی جنگ آزادی میں برصغیر پاک و ہند کے مسلمانوں نے جو تاریخی کردارادا کیا وہ آج بھی ہمیں یاد ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قیادت اورحکومت نے گزشتہ ماہ ترکی میں بغاوت کی کوشش کے دوران ترکی کی حکومت اورعوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا اورپاکستان کی پارلیمنٹ پہلی پارلیمنٹ ہے جس نے ترکی میں بغاوت کی کوشش کی مذمت کی،اسی طرح وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف اوروزیراعلیٰ پنجاب شہبازشریف نے بھی اس مشکل کی گھڑی میں ترک قیادت اورعوام کا بھر پور ساتھ دیا،جس پر ہم ان کے بے حد شکرگزار ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان اورترک یکجان دوقالب ہیں اورپاکستان اورترکی کے عوام کے دل ایک ساتھ دھڑکتے ہیں ۔ترکش وزیر صحت نے آج اپنی تمام مصروفیات ترک کر کے وزیراعلیٰ شہبازشریف سے ملاقات کی ۔وزیراعلیٰ پنجاب اورترکش وزیر صحت کی ملاقات کے دوران طے پایا کہ اگلے ماہ ترکی کے ہیلتھ کیئر کے ماہرین کا خصوصی وفد پنجاب کا دورہ کرے گااورترکش ہیلتھ ماہرین پنجاب کے ہیلتھ کیئر سسٹم کا مکمل جائزہ لیکر سفارشات پیش کریں گے۔

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر کہا کہ ترکی کے ماہرین صحت کی سفارشات کی روشنی میں پنجاب میں موثر ہیلتھ کیئر سسٹم تشکیل دیا جائے گاجو کہ حقیقی معنوں میں مریضوں کو ریلیف فراہم کرے گا۔انہوں نے کہا کہ میرے دورہ ترکی سے پنجاب اورترکی کے مابین مختلف شعبوں میں تعاون کو بے پناہ فروغ ملے گا۔دریں اثناء استنبول میں آج ترکی کی وزارت صحت کے دفتر میں محکمہ صحت پنجاب اور ترکی کی وزارت صحت کے مابین مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کی تقریب منعقد ہوئی۔

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف تقریب کے مہمان خصوصی تھے جبکہ ترکی کے وزیر صحت رجب اکدغان بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پنجاب حکومت کی جانب سے صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ جبکہ ترکی کی وزارت صحت کی جانب سے پروفیسر ڈاکٹر ایوب غماس نے مفاہمت کی یادداشت پر دستخط کئے، جس کے تحت ترکی کی وزارت صحت پنجاب کے ہیلتھ کئیر سسٹم اور پبلک ہیلتھ کے پروگراموں کو بہتر بنانے کیلئے تعاون فراہم کرے گی اور پنجاب میں صحت عامہ کی سہولتوں کی بہتری کیلئے ترکی کی وزارت صحت اپنے تجربات اور مہارت فراہم کرے گی، اسی طرح وزارت صحت ترکی اور پنجاب حکومت پبلک ہیلتھ کے شعبے میں بہتری کیلئے تعاون کو فروغ دیں گے۔

ترکی کا پبلک ہیلتھ انسٹی ٹیوٹ ، پنجاب کے انسٹی ٹیوٹ آف پبلک ہیلتھ میں اصلاحات اور اسے جدید بنانے میں تکنیکی معاونت دے گا اور ہسپتالوں کی ویسٹ کو مناسب طریقے سے تلف کرنے کے انتظامات کیلئے باہمی تعاون کیا جائے گا۔ سٹرلائزیشن ،ڈس انفیکشن اورصحت کی دیکھ بھال کی سہولیات میں انفیکشن کنٹرول کیلئے بھی دو طرفہ اشتراک کے عمل کو یقینی بنایا جائے گا۔

کانگو وائرس کے خاتمے کے لئے ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھایا جائے گا۔ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے آج ہونے والا معاہدہ ایک اہم سنگ میل ہے۔ہیلتھ کئیر سسٹم کی بہتری کیلئے ترکی کے ماڈل سے استفادہ کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ صوبے کے ہسپتالوں میں مریضوں کو وہی بہترین طبی سہولتیں دیں گے جو ترکی میں دستیاب ہیں اور آج ہونے والا معاہدہ پنجاب میں ہیلتھ کئیر سسٹم کوبہتر بنانے میں ممد و معاون ثابت ہوگا۔

ترکی کے وزیر صحت رجب اکدغان نے اس موقع پر کہا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ ہیلتھ کئیر سسٹم کو بہتر بنانے کیلئے ہرممکن تعاون کریں گے۔ انہو ں نے کہا کہ ترکی میں گزشتہ ماہ بغاوت کی کوشش کے دوران پاکستان کی قیادت اور عوام کی جانب سے ترک حکومت اور عوام سے جس یکجہتی کا اظہار کیا گیا ہے اس پر شکرگزار ہیں ۔ اس موقع پر صوبائی وزیر رانا ثناء اﷲ، ایم این اے پرویز ملک، ایم این اے شائستہ پرویز ملک، خواجہ احمد حسان او رپاکستانی وفد کے دیگر ارکان بھی موجود تھے۔

دریں اثناء وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے استنبول میں ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان سے ملاقات کی،جس میں باہمی دلچسپی کے امور اوردوطرفہ تعلقات پر بات چیت ہوئی۔وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ترک عوام نے بغاوت کے دوران جمہوریت کامضبوط دفاع کر کے تاریخ ساز مثال قائم کی ہے ۔ترکی میں بغاوت کو ناکام بناکرترک عوام نے جمہوریت سے گہری وابستگی ثابت کی ہے ۔

انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے اپنے جمہوری عمل کے ذریعے عوام کی حاکمیت کے نظرے پر مہر تصدیق ثبت کردی ہے۔ بغاوت کو ناکام بنانے کیلئے ترک عوام کا اٹھ کھڑے ہونااس بات کا ثبوت ہے کہ وہ اپنے عظیم قائد رجب طیب اردوان کی پالیسیوں کو پسند کرتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ترک عوام نے ٹینکوں کے سامنے لیٹ کر اپنے ملک میں جمہوریت کو بچایا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اﷲ تعالیٰ کے فضل وکرم،ترک صدر،وزیراعظم اورترک عوام کی کاوشوں سے ترکی میں جمہوریت محفوظ رہی ہے جس پر میں آپ سب کو مبارکباد پیش کرتا ہوں ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستانی عوام ترکی اورترک عوام پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اور ترکی کو دہشت گردی کے ناسور کا سامنا ہے۔ دہشت گرد اور انتہاپسند اقوام عالم کے مشترکہ دشمن ہیں جن سے نمٹنے کیلئے مل کر اقدامات کرنا ہیں۔ ترکی کی گرینڈ نیشنل اسمبلی کے سپیکر اسماعیل خرامان نے کہا کہ ترکی کے عوام جمہوریت پسند ہیں اورانہیں اپنے لیڈر رجب طیب اردوان کی قیادت پرپورا اعتماد ہے ۔

ہم اپنے دوست ملک پاکستان کے شکرگزار ہیں کہ جس نے جمہوریت کے خلاف سازش ناکام ہونے پر ترک عوام سے اظہار یکجہتی کیا۔پاکستان اور ترکی کے عوام گہرے رشتوں میں بندھے ہیں۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے صوبہ پنجاب کے عوام کی خوشحالی کیلئے بے مثال کام کیا ہے۔ شہبازشریف کی عوام کی فلاح وترقی کیلئے اداروں میں اصلاحات قابل تعریف ہیں۔دونوں رہنماؤں نے پاک ترک دوستی زندہ باد کا نعرہ لگایا۔