فیصل واوڈانے نیب کوجعلی این جی اوز کے نام پر سرکاری پلاٹوں کی بندربانٹ کے خلاف شواہد جمع کرادیئے

زمینوں پر قبضے کا پیسہ دہشت گردی میں استعمال ہوتا ہے سرکاری زمینوں پرقبضے میں صوبائی اوروفاقی حکومت ملوث ہیں، میڈیا بات چیت

جمعہ 26 اگست 2016 21:07

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے قومی احتساب بیورو(نیب)کوجعلی این جی اوز کے نام پر سرکاری پلاٹوں کی بندربانٹ کے خلاف شواہد جمع کرادیئے ہیں بعدازامیڈیاسے بات چیت میں انہوں نے کہاکہ زمینوں پر قبضے کا پیسہ دہشت گردی میں استعمال ہوتا ہے سرکاری زمینوں پرقبضے میں صوبائی اوروفاقی حکومت ملوث ہیں۔

جمعہ کوفیصل واوڈا نیب حکام کو کراچی میں جعلی این جی اوز کے نام پر سرکاری پلاٹس کی بندربانٹ کے خلاف شواہد نیب کے آفس جمع کرانے آئے تھے جس کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مجھے نیب نے تعاون کیلئے طلب کیا تھا اور شکریہ بھی ادا کیا۔فیصل واوڈا نے کہا کہ کرپشن کی رقم دہشت گردوں کی سہولت کاری کیلئے استعمال ہو رہی ہے،سرکاری زمینوں پر قبضے میں صوبائی اور وفاقی حکومتیں ملوث ہیں جس کے شواہد نیب میں جمع کرادیے ہیں میں صحافیوں کے ساتھ بھی یہ شواہد شیئر کرانا چاہتا تھا تا ہم نیب کی جانب سے کیس کے دوران شواہد کسی سے بھی شیئر کرنے کو منع کردیا ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پرایک صحافی کی جانب سے کھڈا مارکیٹ کے ایک پلاٹ پر قبضے کے حوالے سے پوچھے گئے سوال کے جواب میں فیصل واوڈا نے بھرپور تردید کرتے ہوئے جواب دیا کہ کھڈامارکیٹ میں اگر میرایا میرے والد کا پلاٹ نکلا تو سیاست چھوڑ دونگا۔اس موقع پرانہوں نے مسلم لیگ کے رہنما طلال چوہدری کی جانب خود پر کی گئی تنقید کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ طلال چوہدری کو ٹی سی کے نام سے پکارتے ہوئے جواب دیا کہ میں اس ٹی سی یعنی طلال چوہدری کی کسی بات کا جواب نہیں دونگا گالیاں دینے والوں سے فرق نہیں پڑتا۔دریں اثناعمران اسماعیل نے کہا کہ ن لیگ کی کرپشن سے متعلق فیصل واوڈا نے بیان ریکارڈ کرادیا ہے اور نیب جب بھی بلائے گا ہم معاونت کیلئے حاضر ہونگے۔

متعلقہ عنوان :