حجاج کرام دوران حج ہر قسم کی سیاست ،جھگڑوں اور مظاہروں سے دور رہیں‘ پاکستان علماء کونسل

حج کے دوران جلسے ،جلوس،مظاہرے اور سیاسی نعرے بازی غیر شرعی امور ہیں، مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں پیدا ہونیوالے حالات کی وجہ سے وزارت داخلہ اور وزارت حج کے قوانین کا احترام لازم ہے‘ حافظ طاہر محمود اشرفی کا خطاب

جمعہ 26 اگست 2016 21:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) حجاج کرام دوران حج ہر قسم کی سیاست ،جھگڑوں اور مظاہروں سے دور رہیں، حج کے دوران جلسے ،جلوس،مظاہرے اور سیاسی نعرے بازی غیر شرعی امور ہیں، مشرق وسطیٰ اور عرب ممالک میں پیدا ہونے والے حالات کی وجہ سے وزارت داخلہ اور وزارت حج کے قوانین کا احترام لازم ہے۔ یہ بات پاکستان علماء کونسل کے مرکزی چیئرمین اور وفاق المساجد پاکستان کے صدر حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے دارالعلوم حنفیہ لبرٹی مارکیٹ لاہور میں ’’فریضہ حج اور حجاج کرام کی ذمہ داریاں‘‘کے عنوان پر اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر حافظ شعیب الرحمن،مولانا محمد اسلم،مولانا اسد اﷲ فاروق،قاری عبد الحکیم اطہر،مولانا محمد مشتاق لاہوری،اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔

(جاری ہے)

حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ صاحب استطاعت لوگوں پر حج اسی طرح فرض ہے جس طرح نماز،روزہ فرض ہے۔صاحب استطاعت لوگوں کو فوری حج کی ادائیگی کیلئے کوشش کرنی چاہئے۔انہوں نے کہا کہ حج مسلمانوں کی وحدت اور اخوت کا اجتماع ہوتاہے۔

حج کے دوران مسلمانوں کے درمیان ہر قسم کی نفرتیں ،تعصبات اور فرقہ واریت ختم ہوجاتی ہے اسلئے حجاج کرام پر ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ارض حرمین الشریفین کے تقدس اوروقار کا مکمل احترام کریں اور کسی بھی ایسی سازش کاحصہ نہ بنیں جس سے ارض حرمین الشریفین کے امن اور سلامتی کو خطرات لاحق ہونے کا خدشہ ہو۔حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ مسلم امہ کو مل کر ارض حرمین الشریفین کے امن وسلامتی اور استحکام کا دفاع کرنا ہے۔

بعض دہشتگرد اور انتہاپسند گروہ اور ان کے سرپرست ارض حرمین الشریفین میں فساد پیدا کرنا چاہتے ہیں لیکن جس طرح سعودی عرب کی سلامتی کے اداروں نے رمضان المبارک میں مدینہ منورہ میں خود کش حملے کوناکام بنایا ہے وہ قابل ستائش اور قابل فخر ہے۔ارض حرمین الشریفین اور حج کے انتظامات کے سلسلہ میں حکومت پاکستان سمیت تمام اسلامی ممالک کو سعودی عرب کی حکومت کے ساتھ رابطہ کرکے اپنے مکمل تعاون کا نہ صرف یقین دلانا چاہئے بلکہ سعودی عرب کی حکومت کواگر کسی بھی قسم کا تعاون چاہئے ہوتو ہر ممکن تعاون کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ حج پر جانے والے پاکستانی پاکستان کے سفیر ہیں ان کو پاکستان کے وقار ،عزت کا بھی خیال کرنا چاہئے۔

متعلقہ عنوان :