وزیر اعظم نے ملک بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ 30 ہسپتال قائم کرنے کی منظور دیدی

اسلام آباد میں بھی 3 ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے ، ہر ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہو گا نوازشریف کی راولپنڈی میں زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت، صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کرنے کا اعلا ن

جمعہ 26 اگست 2016 20:35

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے ملک بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ 30 ہسپتال قائم کرنے کی منظور ی دیدی ، اسلام آباد میں بھی 3 ہسپتال تعمیر کئے جائیں گے جس میں ہر ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہو گا۔ جمعہ کو وزیر اعظم نواز شریف کی صدارت میں صحت کے شعبے کی ترقی کے حوالے سے اجلاس ہوا جس میں ملک میں آبادی کے تناظر میں صحت کی سہولیات پر بریفنگ دی گئی۔

وزیر اعظم نے ملک بھر میں جدید سہولتوں سے آراستہ 30 ہسپتال اور اسلام آباد میں 3 ہسپتال کی تعمیر کی منظوری دیدی۔ اسلام آباد میں تعمیر ہونے والا ہر ہسپتال 600 بستروں پر مشتمل ہو گا جبکہ ملک بھر میں 500 بستروں پر مشتمل 10 ہسپتال قائم کئے جائیں گے اور 250 بستروں پر مشتمل 20 ہسپتال قائم کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے راولپنڈی میں زچہ و بچہ ہسپتال کی تعمیر میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ راولپنڈی میں اس ہسپتال کو 8 ماہ میں مکمل کیا جائے۔

اس ہسپتال کیلئے فنڈز کی منظوری وزیر اعظم نواز شریف پہلے ہی دے چکے ہیں۔ وزیر اعظم نے اسلام آباد میں مزید 2 ہسپتالوں کے قیام کیلئے جگہ کی بھی منظوری دیدی۔ آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں 100 بستروں پر مشتمل 4 سے 5 ہسپتال قائم کئے جائیں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ ملک میں صحت کے شعبے کی ترقی کیلئے اقدامات کی خود نگرانی کروں گا۔