آئل کمپنیوں کو نئے قواعد کے تحت لائسنس حاصل اور تجدید کرانے ہوں گے، آئل اینڈ گیس ریگولیٹری کی وضاحت

جمعہ 26 اگست 2016 20:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء ) آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا)نے اس خبر کی سختی سے تردید کی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ’’تیل کمپنیوں کو پرانے رولز کے تحت لائسنس کی تجدید کی پیشکش کی گئی ہے ‘‘۔خبر کو حقائق کے منافی اور من گھڑت قراردیتے ہوئے اوگرا نے ایک وضاحتی بیان میں کہا کہ متذکرہ خبر میں جس اجلاس کا حوالہ دیا گیا اس میں ایسی کوئی پیشکش نہیں کی گئی جیسا کہ خبر میں دعویٰ کیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

اوگرا نے واضح کیا کہ 15جولائی 2016 کو ہونے والے اجلاس میں آئل کمپنیوں کو ان کے اس موقف کے جواب میں کہ جن کمپنیوں کوحکومت پاکستان نے لائسنس دے رکھا ہے ان کو نئے لائسنس کی ضرورت نہیں۔آگاہ کیا گیا کہ اس معاملے میں اوگرا آرڈیننس کی دفعہ 45 واضح ہے اور آئل رولز 2016 میں سیکشن 45کے ہی الفاظ درج ہیں لہذا تمام کمپنیوں پر لازم ہے کہ وہ آئل رولز 2016یعنی نئے قواعد کے تحت لائسنس حاصل کریں اور تجدید بھی کرائیں۔ جس کی شرائط اوگرا آرڈیننس کے سیکشن 45 کے تحت ہوں گی جبکہ متذکرہ خبر میں ان حقائق کے منافی تاثر پیش کیا گیا ہے اور ابہام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی ہے ۔