وزیراعظم کی فاٹا اصلاحات کمیٹی کو کے پی کے حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے آئندہ ہفتے ملاقات کی ہدایت

قبائلی علاقوں سے متعلق ماہرین سے بھی جامع فیڈ بیک لیا جائے ، قومی ترقی کے لئے فاٹا اصلاحات انتہائی ضروری ہیں ، ہمیں فاٹا میں غربت اور محرومیوں کے دور کا خاتمہ کرنا ہے ، قبائلی علاقے انتہائی پسماندہ ہیں اور یہاں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے،نوازشریف سرتاج عزیز کی اسپیکر ایاز صادق اورسید خورشید شاہ سے ملاقات، فاٹا میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنے پر تبادلہ خیال

جمعہ 26 اگست 2016 20:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) وزیراعظم نوازشریف نے فاٹا اصلاحات کمیٹی کو خیبرپختونخوا حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے آئندہ ہفتے ملاقات کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ قبائلی علاقوں سے متعلق ماہرین سے بھی جامع فیڈ بیک لیا جائے ، قومی ترقی کے لئے فاٹا اصلاحات انتہائی ضروری ہیں ، ہمیں فاٹا میں غربت اور محرومیوں کے دور کا خاتمہ کرنا ہے ، قبائلی علاقے انتہائی پسماندہ ہیں اور یہاں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے۔

تفصیلات کے مطابق جمعہ کو مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے وزیراعظم نوازشریف کی ہدایت پر اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ سے ملاقات کی ، ملاقات کا مقصد فاٹا میں اصلاحات کے عمل کو تیز کرنا ہے ، سپیکر ایاز صادق نے 2ستمبر سے ایوان میں فاٹا اصلاحات پر بحث کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کی ہدایت پر وزارت سیفران نے تجاویز کے لئے ویب سائٹ قائم کی ہے ، فاٹا اصلاحات سے متعلق مجوزہ سفارشات پر عوام ویب سائٹ کے ذریعے فیڈ بیک دے سکتے ہیں ۔

فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹ وفاقی وزراء اور وزراء اعلیٰ کو بجھوا دی گئی ہے ۔ مسلح افواج کے سربراہوں اور کورکمانڈروں کو بھی رپورٹ کی کاپی ارسال کردی گئی ہے ۔چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،ایف آئی اے اور آئی بی کو رپورٹ ارسال کردی گئی ہے ۔ وزیراعظم نے کمیٹی کو خیبرپختونخوا حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمنٹ سے آئندہ ہفتے ملاقات کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ قبائلی علاقوں سے متعلق ماہرین سے بھی جامع فیڈ بیک لیا جائے ، قومی ترقی کے لئے فاٹا اصلاحات انتہائی ضروری ہیں ۔انہوں نے کہا کہ ہمیں فاٹا میں غربت اور محرومیوں کے دور کا خاتمہ کرنا ہے ، قبائلی علاقے انتہائی پسماندہ ہیں اور یہاں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے ۔