سرتاج عزیز کی سپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات ٗ فاٹا اصلاحات عمل کو آگے بڑھانے پر مشاورت

وزیراعظم کی کمیٹی کو کے پی کے حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمان کے ساتھ آئندہ ہفتے ملاقاتیں کرنے کی ہدایت فاٹا اصلاحات قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں ٗ فاٹا میں غربت اور برسوں سے نظر انداز کئے جانے کے مسئلہ کو ختم کریں گے ٗ وزیر اعظم

جمعہ 26 اگست 2016 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ فاٹا اصلاحات قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں ٗ فاٹا میں غربت اور برسوں سے نظر انداز کئے جانے کے مسئلہ کو ختم کریں گے ۔ جمعہ کو وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر فاٹا اصلاحات عمل کو آگے بڑھانے کیلئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر سیّد خورشید شاہ سے ملاقات کی ۔

وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی گائیڈ لائن کی پیروی کرتے ہوئے وزارت سیفران وزیراعظم کیلئے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی مجوزہ سفارشات پر ملک گیر سطح پر آراء حاصل کرنے کیلئے عام ویب سائٹ پہلے ہی تشکیل دے چکی ہے۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹس بھی تمام وفاقی وزارتوں، وزراء اعلیٰ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف، نیول چیف، تمام آرمی کور کمانڈرز، ڈی جی ایف آئی اے، آئی بی وغیرہ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔

وزیراعظم نے کمیٹی کو کے پی کے حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمان کے ساتھ آئندہ ہفتے ملاقاتیں کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ فاٹا کے بارے میں قومی سطح پر جامع فیڈ بیک بھی حاصل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اور اب ہم فاٹا میں غربت اور برسوں سے نظر انداز کئے جانے کے مسئلہ کو ختم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقہ میں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے اور ترقیاتی اشاریے کم ترین سطح پر ہیں جبکہ یہاں انسانی حقوق کی صورتحال بھی بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم فاٹا کو سیاسی اور اقتصادی مرکزی دھارے میں شامل کرتے ہوئے ملک بقیہ حصوں کے برابر لے کر آئیں۔