بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے گجرنالہ اور منظور کالونی نالہ میں بنائے گئے 2486 پختہ مکانات مسمار کردیئے

گجرنالہ میں ساڑھے 12 کلو میٹر سے زائد دونوں اطراف ہر قسم کی تجاوزات ختم کردی گئیں ،گجرنالہ میں کیفے پیالہ سے لیاقت آباد 4 نمبر تک نالہ پر قائم کی گئی تمام تجاوزات مسمار

جمعہ 26 اگست 2016 19:45

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات نے گجرنالہ اور منظور کالونی نالہ میں بنائے گئے 2486 پختہ مکانات مسمار کردیئے جبکہ شاہراہ قائدین اور لیاقت آباد نمبر 10 سے ناظم آباد پیٹرول پمپ تک سڑک اور فٹ پاتھ پر ہر قسم کی تجاوزات کا خاتمہ کردیا ۔

(جاری ہے)

تفصیلات کے مطابق گجرنالہ میں ساڑھے 12 کلو میٹر سے زائد دونوں اطراف ہر قسم کی تجاوزات ختم کردی گئیں اور گجرنالہ میں کیفے پیالہ سے لیاقت آباد 4 نمبر تک نالہ پر قائم کی گئی تمام تجاوزات مسمار کردی گئیں جبکہ منظور کالونی نالے میں بھی مختلف مقامات پر نالے پر بنائے گئے مکانات مسمار کردیئے گئے جس کے دوران محکمہ انسداد تجاوزات کے عملے نے بھاری مشینری استعمال کئے تاکہ نالے کی اطراف پختہ سڑک کی تعمیر کے لئے جگہ ہموار کی جاسکے اس موقع پر ڈائریکٹر انسداد تجاوزات مظہر خان نے کہا کہ گجرنالے اور منظور کالونی نالے میں تمام پختہ اور غیر پختہ تجاوزات مسمار کرنے تک آپریشن جاری رہے گا جس سے ضلع وسطی اور شرقی کے مختلف علاقوں میں رہائش پذیر افراد کو فائدہ پہنچے گا ، انہوں نے کہا کہ نالوں پر تجاوزات منہدم کرنے کے ساتھ شہر کی اہم سڑکوں اور فٹ پاتھوں کو گھیر کر بنائے گئے مکانات اور دکانوں کو بھی مسمار کیا جا رہا ہے اور شاہراہ قائدین پر بند گلی کو کلیئر کردیا گیا اور باؤنڈری وال کو مسمار کردیا گیا، انہوں نے بتایا کہ منظور کالونی نالے میں بھی بڑی تعداد میں پختہ تعمیرات مسمار کی جاچکی ہیں جبکہ ان دونوں نالوں میں تجاوزات مسمار کرنے کا کام بھی جاری ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کے محکمہ انسداد تجاوزات کی جانب سے شہر کے اہم ترین برساتی نالوں میں ہونے والی تعمیرات مسمار کئے جانے کے اقدام کو شہریوں نے سراہا ہے اور اسے بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے شہر کی بہتری کی جانب ایک قدم قرار دیا ہے، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد نے محکمہ انسداد تجاوزات کو ہدایت کی ہے کہ نالوں کے اوپر تعمیرات سمیت تمام تجاوزات کو ہٹانے کے آپریشن میں مزید تیزی لائی جائے اور تمام تر دستیاب وسائل کو بروئے کار لاتے ہوئے اس آپریشن کو مکمل کیا جائے، انہوں نے کہا کہ برساتی نالوں پر ہونے والی تعمیرات کے خاتمے کو نالوں کی صفائی کے لئے لازمی قرار دیتے ہوئے کہا کہ گجر نالہ اور منظور کالونی نالہ شہر کے اہم ترین علاقوں سے گرتے ہیں اور زیادہ تر برساتی پانی کی نکاسی انہی کے ذریعے ہوتی ہے ان دونوں بڑے نالوں کو جلد از جلد صاف کرنا ہے اور تجاوزات کو ہٹانے کا مقصد بھی یہی ہے انہوں نے کہا کہ وہ خود اس پورے کام کو مانیٹر کر رہے ہیں اور اس آپریشن کی کی پیشرفت سے انہیں مکمل طور پر آگاہ رکھا جائے جبکہ کام میں مزید تیزی لائی جائے۔

متعلقہ عنوان :