کراچی میں الطاف حسین کی پاکستا ن کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی ایما پر ہے، لیاقت بلوچ

کراچی میں امن اور پاکستان دشمن قوتوں کو شکست دینے کیلئے سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ اپنا مائنڈ سیٹ بدلے ، آئینی ، قانونی اور غیر جانبدارانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے، الطاف حسین رفتہ رفتہ کراچی کے عوام کی نفرت کا نشانہ بنتے جائیں گے‘ریلی کے شرکاء سے خطاب

جمعہ 26 اگست 2016 19:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء ) جماعت اسلامی پاکستان اور ملی یکجہتی کونسل کے سیکرٹری جنرل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے 1941 ء میں 75 ا فراد سے سفر کا آغاز کیا ، آج 75 سال بعد پاکستان میں لاکھوں انسان جماعت اسلامی کے جانثار ہیں ، جماعت اسلامی میں موروثیت نہیں ۔ اس نے غلبہ دین ، اﷲ کی رضا ، اسلامی نظریہ کا شعور اور اسلام مخالف قوتوں سے قرآن و سنت کی دلیل سے جنگ لڑی ہے ،جماعت اسلامی نے طویل سفر امانت ،دیانت ، انسانیت کی خدمت اور پاکستان کو مدینہ منورہ کی اسلامی فلاحی ریاست کے طرز پر نمونہ بنانے کی جدوجہد کی ہے، جماعت اسلامی نے آئین ، دعوت دین ، رائے عامہ کو منظم کیا اور جمہوری اقدار کو فروغ دیاہے ، جماعت اسلامی چاروں صوبوں ، کشمیر و بلتستان میں مرد و زن طلبہ اور نوجوان ، مزدور، کسانوں اور باشعور طبقے کی نمائندہ تحریک ہے ۔

(جاری ہے)

ملتا ن میں جماعت اسلامی کے یوم تاسیس کے موقعہ پرریلی سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ بنگلہ دیش میں محب وطن رہنماؤں کی پھانسیوں نے دو قومی نظریہ ، بھارت کی پاکستان دشمنی اور جماعت اسلامی کی حب الوطنی کو پھر عیاں کر دیاہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن نے پاکستان کے وسائل تباہ اور نظریاتی ، اخلاقی ، معاشی اور انتخابی نظام کو کھوکھلا اور ناکارہ کردیاہے ۔

اندر کی کمزوریوں کی وجہ سے پاکستان دشمن قوتیں اس کی قومی سلامتی پر حملہ آور ہیں ۔ کرپٹ قائدین اور کرپٹ عناصر نورا کشتی کے ذریعے عوام کو دھوکہ دے کر کرپٹ نظا م کو مضبوط کر رہے ہیں ۔ آٹھ ہزار ارب روپے کی سالانہ کرپشن ، غربت ، مہنگائی ، ناانصافی ، زراعت کی تباہی اور لوڈشیڈنگ کا سبب بنی ہوئی ہے ۔ لیاقت بلوچ نے کہاکہ کہ کراچی میں الطاف حسین کی پاکستا ن کے خلاف ہرزہ سرائی بھارتی ایما پر ہے ۔

کراچی کے عوام محب دین و محب وطن ہیں ۔ ایم کیو ایم کے ناسور کو فوجی آمر ضیا اور پرویز مشرف نے تحفظ دیا اور نوازشریف ، بے نظیر بھٹو اور آصف علی زردار ی نے اس کی آبیاری کی ۔ انہوں نے کہاکہ کراچی میں امن اور پاکستان دشمن قوتوں کو شکست دینے کے لیے سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ اپنا مائنڈ سیٹ بدلے اور آئینی ، قانونی اور غیر جانبدارانہ و منصفانہ انتخابات کو یقینی بنائے ۔

انہوں نے کہاکہ الطاف حسین رفتہ رفتہ کراچی کے عوام کی نفرت کا نشانہ بنتے جائیں گے ۔ کراچی کے عوام کو لسانی عصبیت سے نجات پانا ہوگی ۔ لیاقت بلوچ نے کشمیریوں کی آزادی اور خود مختاری کے لیے لازوال قربانیوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ کشمیریوں کو حق خود ارادیت ملنے سے ہی خطے میں امن بحال ہو گا ۔ برہان وانی کی شہادت نے تحریک آزادیٔ کشمیر کو نیا ولولہ اور جذبہ دیاہے ۔

انہوں نے کہاکہ افغان بارڈر پر کشیدگی ،افغانستان میں تخریب کاری ، افغان بارڈر پر پاکستانی پرچم جلانا اور کراچی میں پاکستا ن کے خلاف ہرز ہ سرائی بھارتی ’’را‘‘ کی کاروائیاں اور کشمیر سے توجہ ہٹانے کے حربے ہیں۔ پاکستان کی سیاسی و عسکری قیادت کشمیر پر متفقہ ، مضبوط ، دوٹوک قومی پالیسی بنائے اور عالمی محاذ پر سفارتی جنگ لڑے ، بھارت کا ظلم بے نقاب کیا جائے ۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ کرپشن اور پاکستان کی سلامتی ایک ساتھ نہیں چل سکتیں ۔ کرپشن اور ملک دشمن قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا ۔ کرپشن کا نظام غربت ، ظلم ، ناانصافی و تاریکیوں کے خاتمے میں رکاوٹ ہے ۔ انہوں نے کہاکہ عوام جماعت اسلامی کا ساتھ دیں ،ہم پاکستان کو مدینہ کی اسلامی فلاحی ریاست کا نمونہ بنائیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی کے کارکنان کروڑوں انسانوں تک گھر گھر جا کر اسلامی انقلابی دعوت پہنچانے کا عزم کریں ۔