حکومتی ناقص پالیسیوں سے ملک معاشی بدحالی کاشکار ہے، چوہدری محمدسرور

کمزور حکمت عملی کی وجہ سے دہشتگرد سیاستدان آپے سے باہر ہوچکے ، غداری کی زبان استعمال کرنیوالوں کیخلاف پہلے کازروائیاں ہوتیں تو کراچی میں یہ نوبت نہ آتی ، سابق گورنر پنجاب

جمعہ 26 اگست 2016 19:40

حجرہ شاہ مقیم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے کہا ہے کہ حکومتی ناقص پالیسیوں سے ملک معاشی بدحالی کاشکار ہے، کمزور حکمت عملی کی وجہ سے دہشتگرد سیاستدان آپے سے باہر ہوچکے ہیں، غداری کی زبان استعمال کرنے والوں کے خلاف پہلے ہی کاروائیاں ہوجاتیں تو کراچی میں یہ نوبت نہ آتی کہ لندن میں بیٹھا ایک شخص ملک توڑنے پاکستان اور اسکے اداروں کے خلاف نازیبازبان استعمال کرتا ،پاکستان تحریک انصاف اقتدار میں آکر دہشتگرداور ملک دشمن سازشوں میں ملوث نام نہاد بھتہ خور سیاستدانوں کو نشان عبرت بنائے گی، ان خیالات کااظہار پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی رہنما سابق گورنر پنجاب چوہدری محمدسرور نے پی ٹی آئی کے صوبائی سیکریٹری اطلاعات پیر سید صمصام علی شاہ بخاری کے ہمراہ پاکستان تحریک انصاف کے رہنماء راجہ قمرالزمان خاں کی رہائشگاہ پر علاقہ کے سرکردہ نمائندوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، چوہدری محمدسرور نے کہاکہ عمران خان پاکستان میں سچی اور کھری سیاست کے علمبردار ہیں ان کے ویژن کے مطابق عوام نے ساتھ دیا تو آئندہ انتخابات میں کامیابی کے بعد پاکستان کو حقیقی معنوں میں قائداعظم کی امنگوں کے مطابق بنایا جائے گاملک سے غربت، بیروزگاری ،مہنگائی، لوڈ شیڈنگ اور ملک کے سب سے بڑے اژدھا کرپشن کو ختم کر کے خوشحالی کا مثالی دور لایاجائے گا، ملک میں کرپشن سے پاک صرف میرٹ اور میرٹ کی پالیسی رکھی جائے گی ملکی دولت لوٹنے والوں سے بلاتفریق پائی پائی وصول کی جائے گی ،تقریب سے سیدصمصام علی شاہ بخاری اور دیگرنے بھی خطاب کیا۔