الطاف حسین کا مستقبل لندن میں ہی ہے،بیان مودی سرکار کو خوش کرنے کیلئے دیا گیا ،منظور وسان

ایم کیو ایم جلد مزید ایک دو دھڑوں میں تقسیم ہوجائیگی ،آصف زرداری 27دسمبر سے پہلے واپس وطن آجائیں گے ،وزیر صنعت و تجارت سندھ

جمعہ 26 اگست 2016 19:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) سندھ کے وزیر صنعت و تجارت منظور حسین وسان نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین کا مستقبل لندن میں ہی ہے ۔قائد ایم کیو ایم کا بیان مودی سرکار کو خوش کرنے کے لیے ہے ۔ایم کیو ایم جلد مزید ایک دو دھڑوں میں تقسیم ہوجائے گی ۔جمعہ کو کراچی میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے منظور حسین وسان نے کہا کہ الطاف حسین کا بیان صرف الطاف حسین تک محدود نہیں ہے ۔

ان کے بیان کے پیچھے عالمی قوتوں کی سازش ہے ۔

(جاری ہے)

ان کا بیان مودی سرکار کو خوش کرنے اور بھارت کے کشمیر میں جاری مظالم سے توجہ ہٹانے کے لیے دلایا گیا ہے ۔مسئلہ کشمیر سے دنیا کی توجہ ہٹانے کے لیے یہ سازش کی گئی ہے ۔میں بھائی کہتا ہوں کہ اتوار کی چھٹی کے بعد بیان نہ دیا کریں ۔اتوار والا خمار کم اترا ہوگا کہ بیان دے دیا ۔انہوں نے کہا کہ میں نے خواب دیکھا ہے کہ ایم کیو ایم مزید دو دھڑوں میں تقسیم ہوگی ۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سابق صدر آصف علی زداری 27دسمبر سے پہلے واپس آجائیں گے اوراس کے بعد وہ پاکستان میں ہی رہیں گے ۔