گورنر سندھ کی شہر کے پارکس میں سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کے لئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت

پارکوں کی دیکھ بھال اور نگرانی کے لئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں، باؤزرز کی خریداری کیلئے سمری تیار کی جائے، ڈاکٹر عشرت العباد

جمعہ 26 اگست 2016 19:29

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان نے ایڈمنسٹریٹر بلدیہ عظمیٰ کراچی کو شہر کے تمام بڑے پارکس میں کلوز سرکٹ ٹی وی کیمرے لگانے کیلئے پی سی ون تیار کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ ان میں آنے والی فیملیز کے تحفظ کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کی نشاندہی بھی کی جاسکے ۔ یہ ہدایت انہوں نے شہر کے باغات کی تزئین و آرائش ، گرین بیلٹس، چوراہوں اور مرکزی شاہراہوں پر شجر کاری کے کام کے جائزہ اجلاس سے گورنر ہاؤس میں خطاب کرتے ہوئے دی۔

اس اجلاس میں پرنسپل سیکریٹری گورنر سندھ محمد حسین سید ، سیکریٹری بلدیات بقاء اﷲ انڑ، ایڈمنسٹریٹر کراچی لئیق احمد ، ڈائریکٹر جنرل پارکس بلدیہ عظمیٰ کراچی عبداﷲ مشتاق اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

گورنر سندھ نے کہا کہ پارکوں کی دیکھ بھال اور ان میں لگائے گئے پھولوں ، پودوں اور آرائشی سامان کی نگرانی کے لئے محلہ کمیٹیاں تشکیل دی جائیں تاکہ متعلقہ علاقہ کے عوام کے لئے ان سہولیات کی مسلسل دستیابی کو یقینی بنایا جاسکے۔

انہوں نے کہاکہ محلہ کمیٹیوں کے قیام سے عوام میں اونر شپ کا احساس پیدا ہوتا ہے اور وہ مزید تندہی سے پارکوں کی دیکھ بھال پر توجہ دیتے ہیں۔ انہوں نے ڈائریکٹر جنرل پارکس کو ہدایت کی کہ وہ ماہرین نباتات کی آرا کو مدنظر رکھتے ہوئے شہر کے ماحول سے مطابقت رکھنے والے پودوں ، درختوں اور پھولوں کو ترجیح دیں تاکہ شہر کی خوبصورتی میں اضافہ کے ساتھ ساتھ ماحولیاتی آلودگی کے مسئلہ پر بھی قابو پایا جاسکے۔

گورنر سندھ نے مزید ہدایت کی کہ غیر سرکاری تنظیموں کے تعاون سے شہریوں کو شجر کاری کی اہمیت اور اس کے فوائد کے بارے میں آگاہی دینے کے لئے ایک جامع پروگرام چلایا جائے۔ انہوں نے شہر کے بڑے پارکس میں لائبریریوں اور ریڈنگ رومز کی تعمیر کا بھی جائزہ لینے کی بھی ہدایت کی تاکہ کتب بینی کے شوقین افراد کو یہ سہولت فراہم کی جا سکے۔ گورنر سندھ نے پارکوں میں لائٹس کا مناسب انتظام کرنے کی بھی ہدایت کی۔

ایڈمنسٹریٹر کراچی کی جانب سے درختوں کو پانی دینے والے باؤزرزکی کمی کی جانب توجہ دلائی جانے پر گورنر سندھ نے انہیں ہدایت کی کہ وہ 15 سے 20 باؤزرز کی خریداری کے لئے ایک سمری بنائیں گے تاکہ اس مسئلہ کو جلد از حل کیا جاسکے۔انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگلے ہفتہ میں شہر کے بڑے پارکوں کا دورہ کرکے وہاں ہونے والے تعمیراتی کام کا جائزہ لیں گے ۔

ڈائریکٹر جنرل پارکس عبداﷲ مشتاق نے گورنر سندھ کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ بلدیہ عظمیٰ کے زیر انتظام 35 پارکس اور شہر کی 31 مرکزی شاہراہیں ہیں جن کی تزئین و آرائش ، دیکھ بھال اور شجرکاری بلدیہ عظمیٰ کراچی کی ذمے داری ہے۔ انہوں نے مزید بتایا کہ شہر کے تمام پارکس کی خوبصورتی میں اضافے کے لئے نئے پودے اور پھول لگائے جارہے ہیں جبکہ گرین بیلٹس اور مرکزی شاہراہوں کو بھی خوبصورت بنانے پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے۔

اس موقع پر انہوں نے گورنر سندھ کو آغاخان پارک کلفٹن، ہوش محمد شہید پارک کلفٹن، معین اختر پارک، نیوکلفٹن گارڈن، آنٹی پارک، بے نظیر پارک، عمر شریف پارک، باغ ابن قاسم ، باغ جناح، عزیز بھٹی پارک، ہل پارک، جھیل پارک اور اسٹیڈیم پارک میں ہونے والے تعمیراتی کام کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی جبکہ شاہراہ قائدین، شاہرہ فیصل، فور کے چورنگی روڈ اور دیگر شاہراہوں کی شجر کاری کے حوالے سے بتایا۔ انہوں نے مزید بتایا کہ کراچی کی شاہراہوں پر لگانے کے لئے سفیدے کے 10 ہزار پودے بلدیہ عظمیٰ کی نرسریوں میں تیار کئے جارہے ہیں۔