بزرگان دین کی زندگیاں مشعل راہ ہیں ‘حکومت انکے پیغام کو عام کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘سیکرٹری اوقاف

ضلعی حکومت کی جانب سے عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒ پر کئے گئے انتظامات قابل دید ہیں ‘صوبائی سیکرٹری اوقاف نوازش علی کی دورہ دربار بابا بلھے شاہ ؒکے موقع پر میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 اگست 2016 19:23

قصور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء ) بزرگان دین کی زندگیاں ہمارے لئے مشعل راہ ہیں ‘حکومت ان کے پیغام کو عام کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے ‘ضلعی حکومت قصور کی جانب سے عرس حضرت بابا بلھے شاہ ؒ کے موقع پر زائرین کی سیکورٹی اور سہولت کیلئے کئے گئے انتظامات قابل دید ہیں ۔ ان خیالات کا اظہار صوبائی سیکرٹری مذہبی امور و اوقاف نوازش علی نے گزشتہ روز عظیم صوفی شاعر حضرت بابا بلھے شاہ ؒکے 258ویں سالانہ عرس مبارک کے انتظامات کا جائزہ لینے کیلئے اپنے دورہ کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر ڈی سی او قصور عمارہ خان ‘ڈی او سی عبدالسلام عارف ‘ایڈمنسٹریٹر اوقاف لاہور ریجن ‘منیجر اوقاف ‘ممبران مذہبی امور کمیٹی دربار بابا بلھے شاہ اور دیگر افسران موجود تھے ۔

(جاری ہے)

صوبائی سیکرٹری اوقاف نے اپنے دورہ کے دوران دربار بابا بلھے شاہ ؒپر چادر چڑھائی اور ملک و قوم کی ترقی ، خوشحالی اور سلامتی کیلئے دعا کی ۔ انہوں نے عرس مبارک کے موقع پر ضلعی حکومت کی طرف سے ملک بھر سے آنیوالے زائرین کیلئے سیکورٹی و دیگر انتظامات کا جائزہ لیا اور انہیں قابل تحسین قرار دیا ۔

انہوں نے دربار حضرت بابا بلھے شاہ ؒپر سیکورٹی کیلئے قائم سینٹرل کنٹرول روم کا دورہ کیا اور دربار شریف کے اندر اور باہر سیکورٹی کیلئے لگائے گئے جدید سی سی ٹی وی کیمروں کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے کہا کہ قصور میں بنائے گئے سینٹرل کنٹرول روم کی طرز کے انتظامات دیگر اولیاء اکرام کے عرس مبارک پربھی کئے جائینگے ۔صوبائی سیکرٹری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بزرگان دین کا راستہ امن سکون اور ترقی کا راستہ ہے اس راستے کو اختیار کر کے ہم نہ صرف اپنی آخرت کو سنوار سکتے ہیں بلکہ ہم دنیا میں بھی کامیابی حاصل کر سکتے ہیں ۔

متعلقہ عنوان :