کراچی ،دہلی کالونی میں فیصل واوڈا کی گاڑی فائرنگ ،محفوظ رہے

گاڑی میں عمران اسماعیل بھی موجود تھے ،تحریک انصاف کے رہنماء نیب دفتر سے واپس گھر جارہے تھے کہ دواطراف سے فائرنگ کی گئی آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیکر ایس ایس پی ساوُتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی ،ملزمان کی گرفتاری یقینی بنانے کی ہدایت

جمعہ 26 اگست 2016 19:21

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے تاہم گاڑی میں موجود فیصل واوڈااور عمران اسماعیل محفوظ رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا قومی احتساب بیورو(نیب) کے دفتر سے اپنے گھر کی جانب رہے تھے کہ دہلی کالونی میں ان کی گاڑی پر عقب سے فائرنگ کی گئی جس سے گاڑی کومعمولی نقصان پہنچا تا ہم گاڑی میں سوار فیصل واوڈااور عمران اسماعیل محفوظ رہے۔

اس ضمن میں فیصل واوڈا نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ خود ڈرائیو کر رہے تھے اور نیب آفس میں اپنا بیان قلم بند کروا کرعمران اسماعیل کے ہمراہ اپنے گھر کی جانب روانہ تھے کہ نامعلوم افراد کی جانب سے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی خوش قسمتی سے گاڑی بلٹ پروف تھی جس کے باعث ہم دونوں محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

فائرنگ کرنے والے ملزمان کے متعلق فیصل واوڈا نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نامعلوم افراد نہیں ہیں سب کو پتہ ہے کہ کون ہیں۔

میڈیا سے بات چیت میں عمران اسماعیل نے بتایا کہ ملزمان 2 موٹر سائیکل پر سوار تھے اور گاڑی کے دونوں اطراف سے حملہ کیا گیا تاہم گاڑی بلٹ پروف ہونے کی وجہ ہم دونوں محفوظ رہے ۔ذرائع کے مطابق اس موقع پر فیصل واوڈا کے محافظین کی جانب سے جوابی فائرنگ بھی کی گئی ، جس کے بعد ملزمان پنجاب کالونی کی طرف فرار ہو گئے جس کے بعد شاہراہ پربھگڈرمچ گئی اورافراتفری پھیل گئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ گئی جب کہ جائے وقوعہ سے نائن ایم ایم اور 30 بور پستول کے خول بھی ملے ہیں جب کہ پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے لیا اور ابتدائی شواہد اکھٹے کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔۔ایس ایس پی ساوتھ ثاقب اسماعیل کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ کی تحقیقات کررہے ہیں،یہ بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ گاڑی پر کتنی گولیاں لگی ہیں،کچھ دیر میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔

وزیر اعلی سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نے فیصل واوڈا پرفائرنگ کے واقعے کی آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔دریں اثناء ترجمان سندھ پولیس کے مطابق دہلی کالونی کے قریب فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ کے واقعہ پر آئی جی سندھ اے ڈی خواجہ نے نوٹس لیتے ہوئے ایس ایس پی ساوُتھ سے انکوائری رپورٹ طلب کرلی ہے انہوں نے کہا کہ جائے وقوعہ سے دستیاب تمام شواہد اکٹھا کرکے تفتیش کے جملہ امور کو موُثر بناتے ہوئے ملوث ملزمان کی گرفتاریوں کے لیئے ہر ممکن اقدامات یقینی بنائے جائیں۔