خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم کے خلاف استغاثہ میں مزید گواہان کو پیش کرنے کا حکم، کیس کی مزید سماعت 29 اگست تک ملتوی

جمعہ 26 اگست 2016 19:02

لاہور۔26 اگست(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء ) انسداد دہشت گردی لاہور کی خصوصی عدالت کے جج چو ہدری محمد اعظم نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے دو سو سے زائد خواتین ڈاکٹروں کو بلیک میل کرنے کے مقدمے میں گرفتار ملزم عبدالوہاب علوی کے خلاف استغاثہ میں مزید گواہان کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت 29 اگست تک ملتوی کر دی ۔

جمعہ کو سماعت کے دوران مدعی ینگ ڈاکٹر ایسو سی ایشن کے جنرل سیکرٹری ڈاکٹر سلمان کا ظمی نے عدالت کو بتایا کہ ایف آئی اے پشاور نے ہوم سیکرٹری پنجاب کو ایک خط لکھا ہے جس میں ملزم وہاب علوی کے خلاف پشاور میں سائبر کرائم کے تحت درج مقدمہ میں شامل تفتیش کرنے کے لئے کیمپ جیل سے ملزم لے جانے کی درخواست کی گئی ہے ملزم ایک عادی مجرم ہے لہذا اسکی ضمانت نہ لی جائے ،مقدمہ کے مدعی ڈاکٹر سلمان کا ظمی کی طرف سے عدالت کے رو برو استغاثے کے مطابق ملزم عبدالوہاب علوی نے فیس بک اور انٹرنیٹ کے ذریعے خواتین ڈاکٹروں کو ہراساں کیا جس کے باعث درجنوں خواتین ڈاکٹرز پیشہ چھوڑنے پر مجبور ہو گئیں۔

(جاری ہے)

ملزم کی نازیبا حرکات کی بناء پر کئی خواتین ڈاکٹرز کے رشتے ٹوٹ گئے جبکہ ملزم ڈاکٹر ز کو بلیک میل کر کے بھتہ بھی وصول کرتا رہا۔ ملزم نے خواتین ڈاکٹرز کی جعلی ویڈیو ز بنائی اور انہیں بلیک میل کیاملزم کا موبائل ڈیٹا ریکارڈ کا حصہ ہے جبکہ ملزم سے میموری کارڈز بھی برآمد کئے جا چکے ہیں۔

متعلقہ عنوان :