وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر فاٹا اصلاحات عمل کو آگے بڑھانے کیلئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی سپیکر قومی اسمبلی اور اپوزیشن لیڈر سے ملاقات

سپیکر نے فاٹا کے مستقبل کیلئے قومی اسمبلی میں بحث کے آغاز کیلئے 2 ستمبر کی تاریخ مقرر کردی ہے، وزیراعظم آفس کا بیان

جمعہ 26 اگست 2016 18:56

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف کی ہدایات پر فاٹا اصلاحات عمل کو آگے بڑھانے کیلئے وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق اور اپوزیشن لیڈر سیّد خورشید شاہ سے ملاقات کی جبکہ سپیکر نے فاٹا کے مستقبل کیلئے قومی اسمبلی کے ایوان میں بحث کے آغاز کیلئے 2 ستمبر کی تاریخ مقرر کر دی ہے۔

جمعہ کو وزیراعظم آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم کی گائیڈ لائن کی پیروی کرتے ہوئے وزارت سیفران وزیراعظم کیلئے فاٹا اصلاحات کمیٹی کی مجوزہ سفارشات پر ملک گیر سطح پر آراء حاصل کرنے کیلئے عام ویب سائٹ پہلے ہی تشکیل دے چکی ہے۔ علاوہ ازیں فاٹا اصلاحات کمیٹی کی رپورٹس بھی تمام وفاقی وزارتوں، وزراء اعلیٰ، جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، آرمی چیف، نیول چیف، تمام آرمی کور کمانڈرز، ڈی جی ایف آئی اے، آئی بی وغیرہ کو بھی بھجوا دی گئی ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کمیٹی کو کے پی کے حکومت اور فاٹا ارکان پارلیمان کے ساتھ آئندہ ہفتے ملاقاتیں کرنے کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بھی ہدایت کی کہ فاٹا کے بارے میں قومی سطح پر جامع فیڈ بیک بھی حاصل کیا جائے۔ وزیراعظم نے کہا کہ فاٹا اصلاحات قومی ترقی کیلئے ناگزیر ہیں اور اب ہم فاٹا میں غربت اور برسوں سے نظر انداز کئے جانے کے مسئلہ کو ختم کریں گے۔ وزیراعظم نے کہا کہ علاقہ میں غربت کی شرح سب سے زیادہ ہے اور ترقیاتی اشاریے کم ترین سطح پر ہیں جبکہ یہاں انسانی حقوق کی صورتحال بھی بہتر نہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ وقت ہے کہ ہم فاٹا کو سیاسی اور اقتصادی مرکزی دھارے میں شامل کرتے ہوئے ملک بقیہ حصوں کے برابر لے کر آئیں۔