Live Updates

عمران خان کے ساتھ لوگ مفاد پرست ہیں، ہم مفاد کیلئے پارٹی نہیں چھوڑیں گے،پاکستان میں رہ کر پاکستان کی مخالفت کرنے والے پاکستانی نہیں ، پاکستان قائد اعظم کی امانت ،اس کو محفوظ بناناہوگا

سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کا ملتان میں کنونشن سے خطاب،میڈیا سے گفتگو

جمعہ 26 اگست 2016 18:41

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اگست ۔2016ء) سابق وزیر اعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ عمران خان کے ساتھ لوگ مفاد پرست ہیں اور عمران خان کیساتھ جانے والے لوگ مفاد کی وجہ سے وہاں گئے کیونکہ کچھ ساتھی دوسری حکومت بننے کے گمان میں ہمیں چھوڑ گئے تھے مگر ہم مفاد کیلئے پارٹی نہیں چھوڑیں گے،پارٹی کو ری آرگنائز کر رہے ہیں۔

ہم عدلیہ اور قانونی کی بالادستی کا احترام کرتے ہیں۔ ملتان میں کنونشن سے خطاب اور میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں رہ کر پاکستان کی مخالفت کرنے والے پاکستانی نہیں،پاکستان ہماری پہچان اور سرمایہ ہے اور پاکستان کے خلاف بیان کی مذمت کرتے ہیں۔یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ پاکستان قائد اعظم کی امانت ہے، جسے محفوظ کرناہے، اداروں کااحترام کرتے ہیں،عدلیہ کیسامنے پیش بھی ہوئے،ادارے مضبوط ہونگے تو انصاف ملے گا۔

(جاری ہے)

ذوالفقارعلی بھٹو نے ملک میں آئین دیااور ملک کو ایٹمی طاقت بنایا،آئین پاکستان نہ ہوتا توملک کو یکجا رکھنا مشکل ہوتا۔ذوالفقار بھٹو نے اقتدارکیلئے نہیں بلکہ تاریخ میں ہمیشہ زندہ رہنے کیلئے قربانی دی۔سابق وزیر اعظم کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے لاکھوں لوگوں کو سرکاری محکموں میں بحال کیا اور پیپلز پارٹی نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں رکارڈ اضافہ کیا۔ بتایا جائے کہ کسان آج زیادہ خوشحال ہے یا ہمارے دور میں تھا؟ہم نے پہلی بار ہیومن رائٹس کی وزارت قائم کی اورسینیٹ میں اقلیتوں کی نشستوں میں اضافہ کیا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات