کراچی،دہلی کالونی میں فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ ،محفوظ رہے

گاڑی بم پروف ہے اس لئے اﷲ تعالی کے فضل و کرم سے محفوظ ہوں،سب کو پتہ ہے فائرنگ کرنیوالے کون ہیں ،فیصل واوڈا

جمعہ 26 اگست 2016 18:28

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) کراچی کے علاقے دہلی کالونی میں تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی ہے جس میں وہ محفوظ رہے ہیں ۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے سینئر اور کراچی میں متحرک رہنما فیصل واوڈا کی گاڑی پر نامعلوم موٹرسائیکل سواروں نے فائرنگ کردی ہے ۔ ذرائع کے مطابق رہنما تحریک انصاف اس فائرنگ میں محفوظ رہے ہیں ۔

فیصل واوڈا نیب کے دفتر میں آئے تھے کہ واپسی پر ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی گئی تاہم اس حملے میں وہ محفوظ رہے اور سکیورٹی گارڈ کی جوابی فائرنگ سے موٹرسائیکل سوار نامعلوم ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے ہیں ۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل واوڈانے بتایا کہ نیب کے دفتر میں ثبوت جمع کراکر گھر واپس جارہے تھے کہ دہلی کالونی میں موٹرسائیکل سوار افراد نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کردی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ گاڑی بم پروف ہے اس لیے میں اﷲ تعالی کے فضل و کرم سے بالکل محفوظ ہوں۔فائرنگ کرنے والے ملزمان کے متعلق فیصل واوڈا نے ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ نامعلوم افراد نہیں ہیں سب کو پتہ ہے کہ کون ہیں۔ایس ایس پی ساوتھ ثاقب اسماعیل کا کہنا ہے کہ فیصل واوڈا کی گاڑی پر فائرنگ کی تحقیقات کررہے ہیں،یہ بھی تحقیقات کررہے ہیں کہ گاڑی پر کتنی گولیاں لگی ہیں،کچھ دیر میں صورت حال واضح ہو جائے گی۔

وزیر اعلی سندھ کے ترجمان کے مطابق وزیر اعلی سندھ سید مراد علی شاہ نیفیصل واوڈا پرفائرنگ کے واقعے کی آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔عمران اسماعیل کے مطابق فیصل واوڈا کی گاڑی پر دہلی کالونی پر دونوں اطراف سے فائرنگ کی گئی ۔میں اور فیصل واوڈا ساتھ تھے ۔دو موٹرسائیکلوں پر سوار 4افراد نے فائرنگ کی ۔