پاکستان دشمن بیان دینے والوں کے سہولت کاروزیراعظم کو سزا ملنی چاہئے۔چودھری شجاعت حسین

وزیراعظم پاکستان کی سالمیت کیخلاف زہراگلنے والوں کیخلاف کاروائی نہ کرکے قومی مفادات کے تحفظ میں ناکام ہو گئے،اپنے حلف کی پاسداری نہیں کی۔مسلم لیگ(ق) کے صدروسابق وزیراعظم کابیان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 26 اگست 2016 18:25

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔26اگست2016ء) : مسلم لیگ(ق) کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین نے الطاف حسین اور دیگر عناصر کی پاکستان کے خلاف ہرزہ سرائی پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیراعظم محض ایک بیان دے کر اس شرمناک فعل سے بری الذمہ نہیں ہو سکتے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ایک بیان میں کہا کہ وزیراعظم درحقیقت قومی مفادات کا تحفظ کرنے میں ناکام ہو گئے ہیں، وزیراعظم نے اپنے عمل سے ثابت کیا ہے کہ وہ اس سارے کیس میں سہولت کار کا کردار ادا کرتے رہے اور مجرموں کو بچاتے رہے، انہوں نے پاکستان کی سالمیت اور تحفظ کا جو حلف اٹھایا تھا اس کی پاسداری نہیں کر سکے۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ جن لوگوں نے پاکستان کی خودمختاری، سالمیت اور قومی سلامتی کے خلاف زہر اگلا اور وزیراعظم جنہوں نے ایسے وطن فروش عناصر کے خلاف کارروائی نہیں کی ان سب کے خلاف آئین و قانون توڑنے کے تحت کارروائی کی جائے، آرٹیکل 6 کے تحت مقدمات چلائے جائیں اور وطن دشمنوں کے ساتھ ساتھ ان کے سہولت کاروں کو بھی قانون کے کٹہرے میں لایا جائے۔

متعلقہ عنوان :