پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل تیسرے روز بھی کورم کی نظر ہو گیا ،غیر حاضر اراکین کی تین روز کی مراعات کی کٹوتی کی جائیگی‘ چیف وہیپ رانا ارشد

اسپیکر نے محکمہ کالونیز کی طرف سے آٹھ سوالات کے جوابات نہ دئیے جانے پرمعاملے کو متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے جواب طلب کر لیا

جمعہ 26 اگست 2016 18:19

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) پنجاب اسمبلی کا اجلاس مسلسل تیسرے روز بھی کورم کی نظر ہو گیا ،اسپیکر نے محکمہ کالونیز کی طرف سے آٹھ سوالات کے جوابات نہ دئیے جانے پرانہیں متعلقہ قائمہ کمیٹی کے سپرد کر کے جواب طلب کر لیا ۔ پنجاب اسمبلی کا اجلاس گزشتہ روز اپنے مقررہ وقت نو بجے کی بجائے ایک گھنٹہ کی تاخیر سے اسپیکر رانا محمد اقبال کی صدارت میں شروع ہوا ۔

اجلاس کے آغاز پر 371کے ایوان میں صرف 7اراکین اسمبلی موجود تھے اور ایک بھی وزیر موجود نہ تھا۔گزشتہ روز اجلاس کے ایجنڈے میں محکمہ کالونیز سے متعلق سوالات شامل تھے ۔ محکمہ کالونیز کی طرف سے کل11میں سے 8سوالات کے جوابات ہی نہیں دئیے گئے اور حیرانی کی بات یہ ہے کہ جن سوالوں کے جوابات محکمہ کی طرف سے نہیں دئے گئے وہ گزشتہ 3اجلاسوں سے اسی وجہ سے موخر کئے جا رہے تھے ۔

(جاری ہے)

اسپیکر نے اس پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے مذکورہ سوالات قائمہ کمیٹی برائے کالونیز کے سپرد کر دئیے جبکہ باقی تین سوالات کرنے والے اراکین ایوان میں موجود ہی نہ تھے۔اسپیکر نے رکن اسمبلی میاں طارق محمود کی طرف سے پڑھی گئی تحریک التوائے کار کو صحت کی قائمہ کمیٹی کے سپرد کرد ی گئی۔ ابھی ایوان میں تحریک التوائے کا ر کا سلسلہ جاری تھا کہ (ق) لیگ کے رکن اسمبلی احمد شاہ کھگھہ نے کورم کی نشاندہی کردی اور5منٹ تک گھنٹیاں بجائی گئیں ۔مسلسل تیسرے روز کورم پورا نہ ہو نے کے باعث اسپیکر نے اجلاس پیر کی دوپہر دو بجے تک کیلئے ملتوی کردیا ۔نجی ٹی وی کے مطابق (ن) لیگ کے چیف وہیپ رانا محمد ارشد کا کہنا ہے کہ غیر حاضر اراکین کی تین روز کی مراعات کی کٹوتی کی جائے گی ۔