سکیورٹیز اینڈ کمیشن اور چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ کے مابین مفاہمتی یادداشت پر دستخط

جمعہ 26 اگست 2016 17:29

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء)سکیورٹیز اینڈ کمیشن پاکستان اور چائنہ اوورسیز پورٹس ہولڈنگ کمپنی پاکستان (پرائیویٹ) لمیٹڈ (سی او پی ایچ سی) کے مابین ایک مفاہمتی یادداشت پر دستخط کئے گئے جس کے تحت گوادر فری زون میں ایک سہولت سینٹر قائم کیا جائے گا جو سرمایہ کاروں کو پاکستان میں کاروبار کرنے کیلئے معاونت فراہم کرے گا۔

اس موقع پر گوادر پورٹ اور فری زون میں کاروبار کے آغاز کے موضوع پر منعقدہ سیمینار میں وفاقی وزیر بندر گاہیں و جہاز رانی میر حاصل خان بزنجو نے بھی شرکت کی۔ مفاہمتی یادداشت کا مقصد ایس ای سی پی کے مجوزہ سہولت سینٹر کے قیام سے دونوں اداروں کے مابین رابطہ اور تعاون بڑھانا ہے۔ یہ سہولت سینٹرکمپنیوں کی پاکستان میں رجسٹریشن اور بعد از تشکیل سرگرمیوں کے حوالے سے ایس ای سی پی کے رجسریشن دفتر اور متوقع سرمایہ کاروں کے درمیان ایک پُل کا کردار ادا کرے گا۔

(جاری ہے)

مفاہمتی یادداشت پر ایس ای سی پی کے ایڈیشنل رجسٹرار سڈنی پریرا اور سی او پی ایچ سی کے چیئرمین مین ژونگ باؤ ژونگ نے دستخط کئے۔مقامی ہوٹل میں ہونے والی اس تقریب میں میر حاصل بزنجو، گوادر پورٹ اتھارٹی کے چئیرمین دوستان خان جمال دینی، کراچی میں چین کے قونصل جنرل مُو یونگ پین اور سیکرٹری بندرگاہیں و جہاز رانی خالد پرویز بھی شریک تھے۔

ایس ای سی پی نے حال ہی میں متعدد اصلاحات متعارف کروائی ہیں جن کا مقصد کمپنیوں کے قیام کی حوصلہ افزائی کرنا ہے ان اصلاحات میں رجسٹریشن فیس میں خاطر خواہ کمی، مصدقہ نقول کی مفت فراہی، ایک دن کے اندر اندر کمپنی کی تشکیل کے سارے مراحل کی تکمیل، دو گھنٹے کے اندر تیز تر رجسٹریشن کے عمل کی تکمیل، فیسوں کی بذریعہ کریڈٹ کار ڈ یا آن لائن فنڈ ٹرانسفر ادائیگی اور این آئی ایف ٹی سے برقی دستخطوں کا حصول شامل ہے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مہمانوں نے روشنی ڈالی کہ گوادر کی بندر گاہ اور گوادر فری زون میں تعمیراتی، ترقیاتی اورآپریٹنگ میں مشغول سی او پی ایچ سی کو کافی رعاعتیں حاصل ہیں۔ حکومت نے 637 ایکڑ زمین فری زون کیلئے کمپنی کو منتقل کر دی ہے جس پر مرحلہ وار کام کیا جائے گا۔ ابتدائی طور پر سرمایہ کاروں کو جدید ترین کمرشل سینٹر، سڑکوں، پانی کی صفائی اور دستیابی، زیرِ زمین نکاسی، بجلی، گیس اور موصلاتی نیٹ ورک، ویئر ہاؤسز، دفاتر، چھوٹے صنعتی یونٹ اور تمام شہری سہولتوں سے آراستہ پلاٹوں کی پیش کش کی جائے گی۔

گوادر میں سرمایہ کاری کے خواہش مند صنعتکاروں اور کاروباری افراد کے لئے حالیہ بجٹ میں منظور کردہ مراعاتی پیکج کے پسِ منظر میں اس مفاہمتی یادداشت کو کاروباری طبقے نے بہت اہم قرار دیا ہے۔