بھارت کے جارحانہ اقدامات غیور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کیلئے انکی جائز جدوجہد سے روک نہیں سکتے،کشمیر سے متعلق مذاکرات کیلئے پاکستانی تجویز کے جواب میں بھارت کا انکار افسوسناک ہے۔بین الاقوامی برادری اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے مطابق کشمیری عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں

مشیر خارجہ سرتاج عزیز کی چین،فرانس،روس،برطانیہ ،امریکہ اور یورپین یونین کے سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فورسز کی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ

جمعہ 26 اگست 2016 17:20

اسلام آباد ۔ 26اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست ۔2016ء) مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے مقبوضہ کشمیر میں بیگناہ کشمیریوں پر بھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات غیور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کیلئے انکی جائز جدوجہد سے روک نہیں سکتے۔کشمیر سے متعلق مذاکرات کیلئے پاکستانی تجویز کے جواب میں بھارت کا انکار افسوسناک ہے۔

بین الاقوامی برادری بالخصوص سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ارکان اور یورپین یونین کا انسانی حقوق اور بین الاقوامی انسانی قوانین کے اصولوں پر عملدرآمد کروانے میں اہم کردار ہے،اس لئے وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرار دادوں کے تحت کشمیری عوام کیساتھ کئے گئے وعدوں کی پاسداری کریں۔

(جاری ہے)

یہ باتیں انہوں نے جمعرات کو یہاں سلامتی کونسل کے پانچ مستقل ممبران چین،فرانس،روس،برطانیہ ،امریکہ اور یورپین یونین کے پاکستان میں تعینات سفیروں کو مقبوضہ کشمیر میں مشیری عوام پر بھارتی فورسز کے وحشیانہ تشدد اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر بریفنگ دیتے ہوئے کہیں۔

دفتر خارجہ کے ترجمان کے مطابق مشیر خارجہ نے مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فورسز کی جانب سے کشمیری عوام پر مظالم اور انکے خلاف طاقت کے وحشیانہ استعمال کے نتیجے میں 80بیگناہ کشمیریوں کی ہلاکت پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔سرتاج عزیز نے کہا کہ بھارت کے جارحانہ اقدامات غیور کشمیری عوام کو حق خود ارادیت کے حصول کے لئے انکی جائز جدوجہد سے روک نہیں سکتے۔

انہوں نے کشمیر سے متعلق مذاکرات کیلئے پاکستانی تجویز کے جواب میں بھارت کے انکار پر بھی افسوس کا اظہار کیا۔اس سلسلے میں انہوں سفیروں کو سیکرٹری خارجہ اعزاز احمد چوہدری اور انکے بھارتی ہم منصب کے مابین خطوط کے تبادلوں سے آگاہ کیا۔مشیرخارجہ نے کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل کی جانب سے کشمیر کے تنازعے کے حل کیلئے سہولت کار کی پیشکش کا خیر مقدم کرتا ہے۔