متحدہ کے 37کارکنان و رہنماؤں کو مزید دو روز ،رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید کو 29 اگست تک پولیس کے حوالے کردیاگیا

ملزمان پر بغاوت اور ملکی سا لمیت کے خلا ف کام کرنے کا الزام ہے،متحدہ شعبہ خواتین ونگ کی جوائنٹ انچارج رابعہ مجید اور سٹی کونسلر قرت العین بھی گرفتار

جمعہ 26 اگست 2016 17:17

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) انسداد دہشت گردی کی عدالت نے ایم کیو ایم کے 37کارکنان و رہنماؤں کو مزید دو روز جبکہ رکن سندھ اسمبلی شیراز وحید کو 29 اگست تک پولیس کے حوالے کردیاہے۔ ایم کیو ایم شعبہ خواتین ونگ کی جوائنٹ انچارج رابعہ مجید اور سٹی کونسلر قرت العین کوبھی گرفتارکرلیاگیاہے ۔تفصیلات کے مطابق انسداد دہشت گردی کی عدالت نے بغاوت اور ملکی سالمیت کے خلاف کام کرنے کے الزام میں گرفتار ایم کیو ایم کے 37 کارکنان ورہنماؤں کو مزید 2روز کیلئے پولیس کی تحویل میں دے دیاہے۔

ملزمان میں رکن قومی اسمبلی کنور نوید جمیل، ڈپٹی کنوینئر شاہد پاشا ، قمر منصور اور دیگر شامل ہیں ، ملزمان کے خلاف آرٹلری میدان تھانے میں دو کیسز درج ہیں جن میں انسداد دہشتگردی کی دفعات بھی شامل ہیں۔

(جاری ہے)

جمعہ کو سخت سیکورٹی میں ایم کیوایم کے تین رہنماؤں کنورنویدجمیل، قمرمنصوراور شاہدپاشاسمیت 37کارکنان کوانسداددہشت گردی کی عدالت میں پیش کیا گیا۔

دوران سماعت کنورنویدجمیل نے عدالت کو بتایا کہ واقعہ کے وقت ہم وہان موجود نہیں تھے۔رینجرزنے مجھے قمر منصور اور شاہد پاشا کو اجلاس کے لئے بلایا تھابعدازاں انہیں گرفتارکرلیاگیا۔عدالت نے ملزمان کو تفتیش سے آگاہ کرنے کے لیے پیر کو دوبارہ پیش کرنے کا حکم جاری کرکے سماعت ملتوی کردی۔دوسری جانب ایم کیو ایم کے رکن صوبائی اسمبلی شیراز وحید کوبھی 29اگست تک پولیس ریمانڈ پر بھیج دیاہے۔

شیراز وحید کے خلاف تھانہ سپرہائی وے سائٹ میں ایف آئی آر درج ہے۔اس سے قبل گرفتار رکن صوبائی اسمبلی شیراز وحید کی نشاندہی پر پولیس نے دو مقامات پر چھاپے مارے اور اسلحہ برآمد کرلیا۔سیکیورٹی اداروں نے کورنگی میں کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم شعبہ خواتین ونگ کی جوائنٹ انچارج رابعہ مجید اور سٹی کونسلر قرت العین کوبھی گرفتار کرلیاہے۔

متعلقہ عنوان :