صدر آزاد جموں و کشمیر محمد مسعود خان کی عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پاکستان محمد نواز شریف سے ملاقات

آزاد کشمیر سے اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کیاجائیگا، تعمیر و ترقی کیلئے فنڈز کی قلت نہیں ہونے دیں گے،مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل ،کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کوششیں تیز تر کی جائیں گی، گفتگو

جمعہ 26 اگست 2016 17:13

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) صدر آزاد جموں و کشمیر محمد مسعود خان نے عہدہ سنبھالنے کے بعد وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف سے گزشتہ روزوزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں ملاقات کی ۔ وزیراعظم پاکستان نے محمد مسعود خان کو صدر آزاد کشمیر کی حیثیت سے حلف اٹھانے پر مبارکباد دی اور ان کی کامیابی کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔

ملاقات میں آزا د کشمیر کی مجموعی سیاسی و سماجی صورتحال ، امن و امان ، مقبوضہ کشمیر میں جاری تحریک آزاد ی کشمیر ، بھارتی افواج کے نہتے کشمیری نوجوانوں پر مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں اور مسئلہ کشمیر کے پر امن حل کے لیے عالمی سطح پر کوششوں کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

(جاری ہے)

صد ر آزاد کشمیر نے وزیراعظم پاکستان کو ریاستی حکومت کی تین ترجیحات ، جدوجہد آزادی کشمیر ، گڈ گورنینس اور ریاست کی معاشی خوشحالی و ترقی سے آگاہ کیا ۔

مسعود خان نے بتایا کہ آزاد کشمیر کی حکومت اور عوام متحد ہو کر آئندہ برسوں میں ان اہداف کے حصول کے لیے پر عزم ہیں۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا کہ آزاد کشمیر قدرتی وسائل اور فطری حسن سے مالا مال ہے ۔وہاں کے لوگ ترقی کی منازل جلد از جلد طے کرنے کے لیے پر جوش ہیں۔ آزاد کشمیر کے لوگ با شعور ، تعلیم یافتہ اور محنتی ہیں ۔ وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے آزاد کشمیر کے نئے صدر محمد مسعود خان پر اپنے مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہیں یقین دلایا کہ حکومت پاکستان اور وہ خود حکومت آزاد کشمیر سے اہداف کے حصول کے لیے ہر ممکن تعاون کریں گے ۔

تعمیر و ترقی کے لیے فنڈز کی قلت نہیں ہونے دیں گے ۔ وزیراعظم پاکستان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر کے عوام طویل عرصے سے مظالم کا شکار ہیں۔ مذاکرات اور سفارتکاری کے ذریعے مسئلہ کشمیر کے حل اور کشمیری قوم کے حق خود ارادیت کے حصول کے لیے کوششیں تیز تر کی جائیں گی ۔ انہوں نے یقین دلایا کہ آزاد کشمیر کی معاشی ترقی میں وہ ذاتی دلچسپی لیں گے ۔ انفراسٹرکچر کو ترجیح دی جائے گی ۔

موجودہ شاہرات کو اپ گریڈ کریا جائے گا اور نئی سڑکیں تعمیر ہوں گی ۔ سیاحت کی صنعت کو فروغ دیا جائے گا۔ انہوں نے اس سلسلے میں حکومت آزاد کشمیر کے عزم اور منصوبہ بندی کی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے درمیانے اور بڑے سائز کی ہائیڈروپاور پراجیکٹس آزاد کشمیر کو توانائی کے حوالے سے خود کفیل بنا دیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے تمام اضلاع خصوصاً دور دراز علاقوں کو صحت کی بنیادی اور جدید سہولیات کی فراہمی ضروری ہے ۔