سکردو میں وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام کا آغاز

سکردو، کھرمنگ اور شگر کے 28 ہزار 400 خاندان مستفیدہوں گے

جمعہ 26 اگست 2016 16:29

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) وزیراعظم کے نیشنل ہیلتھ انشورنس پروگرام سے سکردو، کھرمنگ اور شگر کے 28 ہزار 400 خاندان مستفیدہوں گے، پروگرام کے تحت داخلی امراض کے علاج ،جن میں بائی پاس، انجیو پلاسٹی، جل جانے والے افراد، حادثات، کینسر اور ذیابیطس کے مریضوں کے لئے انسولین شامل ہے ،کیلئے 250,000روپے فی خاندان سالانہ خرچ کئے جائیں گے جبکہ بچوں کی بیماریوں، زچگی ، سرجیکل اور دیگر بیماریوں کا علاج بھی کیا جائے گا جن کی لاگت 50,000روپے فی خاندان سالانہ ہو گی۔

اس پروگرام کی افتتاحی تقریب گزشتہ روز سکردو میں ہوئی۔ اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری وزارت نیشنل ہیلتھ سروسز، ریگولیشنز اینڈ کوارڈینیشن ڈاکٹر ہاشم پوپلزئی نے وزیر قومی صحت سائرہ افضل تارڑ کا پیغام پڑھ کر سنایا۔

(جاری ہے)

اس پروگرام کے ذریعے سکردو، کھرمنگ اور شگر کے 28 ہزار 400 خاندانوں کو یہ سہولت میسر ہو گی۔ ان جملہ بیماریوں کیلئے فنڈ وفاقی حکومت ادا کرے گی۔

پروگرام میں گھر سے ہسپتال اور ہسپتال سے گھر تک ٹرانسپورٹیشن کے اخراجات بھی شامل ہیں۔ وہ مریض جو علاج کے دوران اس پروگرام کے تحت مقرر کردہ حد یعنی 3 لاکھ روپے استعمال کر چکے ہوں گے ان کے علاج میں کوئی تعطل نہیں آنے دیا جائے گا۔ ان کے لیے بیت المال کے ذریعے اضافی رقم فراہم کی جائے گی جب تک ان کا علاج مکمل نہ ہو جائے۔پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کی ہسپتالوں کو پہلے سے طے شدہ معیار کے مطابق پینل پر لیا گیا ہے اور ایک ٹول فری نمبر کا بھی اہتمام کیا گیا ہے جس سے اس پروگرام کے متعلق ہر وقت جامع معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔

مزید یہ کہ ایک مانیٹرنگ میکانزم بھی متعارف کروایا ہے اور اس پروگرام کے تمام مراحل کے دوران صرف اور صرف میرٹ اور شفافیت کو ہر صورت ممکن بنایا گیا ہے۔ یہ پروگرام پاکستان کے تمام اضلاع تک پھیلایا جائے گا اور اس کے نتیجہ میں ہزاروں مریض بغیر خرچے کے علاج اچھے ہسپتال میں کروا سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :