پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا،وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کو علاقے کے عوام کی خدمت کی کاوشوں میں زیادہ سے زیادہ حمایت فراہم کرے گی، ترقیاتی ایجنڈے کو آزاد کشمیر تک وسعت دینگے

وزیراعظم محمد نوازشریف کی آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر مسعود خان سے ملاقات میں گفتگو

جمعہ 26 اگست 2016 16:08

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مقبوضہ کشمیر میں جدوجہد آزادی کیلئے اپنی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت جاری رکھے گا۔ انہوں نے یہ بات آزاد جموں و کشمیر کے نو منتخب صدر مسعود خان سے جمعہ کو گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیراعظم نے مسعود خان ،جو سابق ممتاز سفارتکار ہیں اور اقوام متحدہ میں مستقل مندوب کی حیثیت سے بھی خدمات سرانجام دے چکے ہیں، سے گفتگو کرتے ہوئے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ وہ کشمیر کاز کی وکالت کرینگے کیونکہ اب وہ مقبوضہ کشمیر کے عوام کے آزادی کے نصب العین کی بہتر وکالت کیلئے ایک وسیع تر پلیٹ فارم کے حامل ہیں۔

وزیراعظم نے مسعود خان کو ان کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ نو منتخب صدر اپنے وسیع تر تجربے کو آزاد کشمیر کے عوام کی فلاح و بہبود کیلئے بروئے کار لائیں گے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے مسعود خان کو مخاطب ہوئے کہا کہ ”آپ کی موجودہ آئینی ذمہ داریاں، آپ کے پیشہ وارانہ کیریئر کے دوران انجام دیئے جانے والے فرائض سے کہیں بڑھ کر ہیں۔ ہم توقع رکھتے ہیں کہ آپ منتخب حکومت کو بہتر اسلوب حکمرانی، اداروں کے استحکام اور آزاد کشمیر کے عوام کی سماجی و اقتصادی حالت بہتر بنانے کے حوالے سے رہنمائی مہیا کرینگے“۔

وزیراعظم نے کہا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ صدر آزاد کشمیر کا عہدہ راجہ فاروق حیدر کی قیادت میں منتخب حکومت کو صحت و تعلیم کے اہم شعبوں میں اصلاحات متعارف کروانے میں معاون ثابت ہو گا۔ وزیراعظم نے کہا کہ وفاقی حکومت آزاد کشمیر کی حکومت کو علاقے کے عوام کی خدمت کی کاوشوں میں زیادہ سے زیادہ حمایت فراہم کرے گی، ہم عوام کی خدمت پر پختہ یقین رکھتے ہیں اور آزاد کشمیر تک بھی اپنے ترقیاتی ایجنڈے کو وسعت دینگے۔

اس موقع پر مسعود خان نے کہا کہ وہ آزاد کشمیر کے عوام کی بہتری کیلئے اپنی توانائیاں اور تجربات بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے وزیراعظم سے کہا کہ وہ پارٹی کی طرف سے ان پر کئے جانے والے اعتماد پر بہت مشکور ہیں اور وہ وزیراعظم کے وژن اور پالیسیوں کے مطابق فرائض کی ادائیگی کیلئے آزاد کشمیر کی حکومت کی معاونت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ۔