وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار آٹھویں سارک وزراء خزانہ اجلاس کے چیئرمین منتخب ہوگئے

جمعہ 26 اگست 2016 16:07

اسلام آباد ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار آٹھویں سارک وزراء خزانہ اجلاس کے چیئرمین منتخب ہوگئے ۔ ان کا انتخاب جمعہ کو یہاں سارک وزراء خزانہ اجلاس کے آغاز پر عمل میں لایا گیا۔ اس سے قبل اجلاس کا افتتاحی سیشن ہوا جس کے مہمان خصوصی وزیر اعظم محمد نواز شریف تھے۔ آٹھویں سارک وزراء خزانہ اجلاس کی صدارت سنبھالنے کے بعد شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر خزانہ سینیٹر اسحاق ڈار نے اس موقع پرکہا کہ سارک نے اپنے قیام کے بعد سے جنوبی ایشیاء کے عوام کی بہتری کے لئے اقتصادی اور سماجی شعبوں میں نمایاں پیشرفت کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ سارک ممالک کے مابین اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں کئی طریقہ ہائے کار سے مجموعی تعاون کو فروغ دیا گیا ہے جو مرحلہ وار اور منظم انداز سے جنوبی ایشیائی اقتصادی یونین کے حصول سے متعلق ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سارک کے پلیٹ فارم سے ٹھوس کوششوں کے ذریعے خطے کے عوام کو غربت و افلاس سے باہر لایا جا سکتا ہے، اس ضمن میں سارک وزراء خزانہ کا کردار بڑی اہمیت کا حامل ہے۔

انہوں نے کہا کہ اب تک سارک وزراء خزانہ کے سات اجلاس کامیابی سے منعقد کئے جا چکے ہیں اور یہ آٹھواں اجلاس ہے۔ اسحاق ڈار نے کہا کہ جنوبی ایشیاء کے علاقائی اتحاد کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے پر توجہ مرکوز کرنا ہو گی۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آج کے اجلاس میں جنوبی ایشیائی اقتصادی یونین کے قیام کے حوالے سے ٹھوس تجاویز مرتب کی جائیں گی جس سے خطے غربت کے خاتمے اور علاقائی تعاون بڑھانے کی جانب قابل عمل راستہ مہیا ہو گا۔

اسحاق ڈار نے کہا کہ آٹھویں سارک وزراء خزانہ اجلاس کی سفارشات رواں سال 9 تا 10 نومبر کو اسلام آباد میں ہونے والے سارک سربراہی اجلاس میں پیش کی جائیں گی۔ اس موقع پر وزیر خزانہ نے آٹھویں سارک وزراء خزانہ اجلاس کا چیئرمین منتخب کئے جانے پر شرکاء کا شکریہ ادا کیا۔

متعلقہ عنوان :