صوبہ پنجاب میں آٹو ورکشاپس ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں سے چائلڈ لیبر خاتمہ مہم کا آغاز

ضلع سیالکوٹ کے 945بچوں کو رسمی تعلیم اور فنی تربیت کے لیے مختلف اداروں میں داخل کرو ا دیا گیا ‘ راجہ اشفاق سرور

جمعہ 26 اگست 2016 15:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے کہا ہے کہ آٹو ورکشاپس،پٹرول پمپس اور ہو ٹلوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے کے لئے مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے جس کے تحت ضلع سیالکوٹ کے 9سے 14سال کی عمر کے 845بچوں کو نان فارمل بنیادی تعلیم کے اداروں جبکہ 14سے 18سال کی عمر کے 70بالغ بچوں کو پنجاب وو کیشنل ٹریننگ کونسل کے فنی تربیت کے اداروں میں ہنر سکھانے کے لیے داخل کروایا گیا ہے ۔

یہ بات انہوں نے ایوان صنعت وتجارت سیالکوٹ میں پٹرول پمپیس ، ورکشاپس ، ہوٹلز اور ریسٹورنٹ میں چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے شکار بچوں کو سکولوں میں داخل کرنے کے حکومت پنجاب اور غیر سرکاری تنظیموں کے اشتر اک سے شروع کئے گئے مربوط پروگرام کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

(جاری ہے)

سیکرٹری لیبر پنجاب سہیل شہزاد، ڈی سی او سیالکوٹ ڈاکٹر آصف طفیل،صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میجر(ر) منصور احمد، سماجی تنظیم ”بنیاد“ کی نائب صدر شاہین عتیق الرحمن ، پراجیکٹ ڈائریکٹر پنجاب مربوط پروگرام برائے انسداد چائلڈ و جبری مشقت پنجاب ڈاکٹر سعید وٹو،کے علاوہ مختلف سماجی ، محنت کش تنظیموں کے نمائندگان ،زیر تعلیم بچوں اور ان کے والدین نے کثیر تعداد میں شرکت کی ۔

صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ اس مربوط منصوبے کا آغاز صوبہ کے 10اضلاع سے کیا جارہا ہے اور اس کی ابتداء سیالکوٹ سے کی جارہی ہے جبکہ صوبہ کے باقی 26اضلاع میں ستمبر سے کام شروع کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہاکہ محکمہ شماریات پنجاب کے ذریعے مرحلہ وار پنجاب کے مختلف اضلاع میں چائلڈ لیبر سروے کے ذریعے 7ہزار127بچے آٹو ورکشاپس ، پٹرول پمپس اور ہوٹلوں میں کام کرتے پائے گے جبکہ دیگر اضلاع میں یہ سروے 15ستمبر تک مکمل کرلیا جائے گا۔

انہوں نے کہاکہ 5ارب روپے پر مشتمل مربوط منصوبے کے تحت 2لاکھ 57ہزار کم عمر بچوں کو سکولز ایجوکیشن جبکہ 14سے 18سال کے 1لاکھ18ہزار بچوں کو سکلز ڈویلپمنٹ ٹریننگ فراہم کی جائے گی اس امر کو یقینی بنانے کیلئے محکمہ لیبر پنجاب نے حال ہی میں پنجاب ووکیشنل ٹریننگ انسٹی ٹیوٹ سے ایک ایم او یو(MoU )پر دستخط کئے گئے ہیں جبکہ بچوں کے خاندان کی معاشی کفالت کا منصوبہ بھی زیر غور ہے ۔

انہوں نے کہاکہ1999ء میں سیالکوٹ نے اپنی فٹ بال انڈسٹری کو چائلڈلیبر فری بنانے کا اعزاز حاصل کیا تھا اوریہی وجہ ہے کہ اس منصوبے کا آغاز بھی سیالکوٹ سے کیا جارہا ہے ۔ صوبائی وزیر نے کہاکہ قومی ترقی اور خوشحالی میں تعلیم بنیادی کردارادا کرتی ہے اور اس امر کو یقینی بنانے کیلئے وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے چائلڈ لیبر و جبری مشقت کے خاتمہ کیلئے زبانی دعووٴں کی بجائے عمل کرکے دکھایا ہے اور اب پنجاب کا ہر بچہ سکول جائے گا اور وزیر اعلیٰ کے پڑھو پنجاب اور بڑھو پنجاب کے خواب کو عملی تعبیر ملے گی اور یہ منصوبہ بھی کامیابی سے ہمکنار ہوگااور پوری دنیا میں پاکستان کا وقار بلند ہوگااور اس کے صلے میں یہ بچے اور ان کے والدین ہمیں دعائیں بھی دیں گے ۔

سیکرٹری لیبر پنجاب سہیل شہزاد نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب چائلڈ لیبر کے خاتمہ کیلئے لیڈ رول ادا کررہی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مربوط پروگرام برائے انسداد چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کے تحت کسی وجہ سے تعلیم حاصل نہ کرنے والے ہر کو سکولوں میں داخل کروایا جائے گا اور فنی مہارت کی فراہم کی جائے گی ۔ تقریب سے وائس چیئرمین بنیاد شاہین عتیق الرحمن ،پی جی مربوط پروگرام ڈاکٹر سعید وٹو اور صدر ایوان صنعت و تجارت سیالکوٹ میجر (ر) منصور احمد نے بھی خطاب کیا۔ تقریب کے اختتام پر صوبائی وزیر راجہ اشفاق سرور نے پنجاب ورکرز ویلفیئر بورڈ کے تحت تعلیمی وظائف ، ڈیتھ و میرج گرانٹ کے مد میں مالی امداد کے چیکس بھی تقسیم کئے ۔

متعلقہ عنوان :