تہمینہ جنجوعہ ملک کی پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ ہوں گی

سیکریٹری خارجہ کے تقرر سے دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی سفیروں کی تبدیلی متوقع

جمعہ 26 اگست 2016 14:29

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) اقوام متحدہ کے جنیوا مشن میں پاکستان کی مستقل مندوب مس تہمینہ جنجوعہ اعزاز احمد چوہدری کی جگہ سیکرٹری خارجہ کا عہدہ سنبھالیں گی۔نجی ٹی وی کے مطابق وہ ملک کی 29ویں اور پہلی خاتون سیکریٹری خارجہ ہوں گی۔ ذرائع نے بتایا کہ اعزاز چوہدری کو امریکا میں پاکستان کا سفیر مقرر کیا جا رہا ہے ‘ موجودہ سفیر جلیل عباس جیلانی جنوری میں اپنے عہدے میں ملنے والی توسیع مکمل کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

تہمینہ جنجوعہ اس سے پہلے اٹلی میں پاکستان کی سفیر تھیں اور وہ دو ماہ تک ترجمان دفتر خارجہ سمیت کئی اہم ذمہ داریاں انجام دے چکی ہیں۔ وزیراعظم نے ان کے تقرر کی منظوری دیدی ہے اس عہدے کیلئے فرانس میں پاکستان کے سابق سفیر غالب اقبال، بھارت میں پاکستانی ہائی کمشنر عبدالباسط اور چین میں سفیر مسعود خالد کے ناموں پر بھی غور کیا جا رہا تھا۔سیکریٹری خارجہ کے تقرر سے دنیا کے اہم دارالحکومتوں میں پاکستانی سفیروں کی تبدیلی متوقع ہے۔ تہمینہ جنجوعہ کے شوہر منصور احمد سوئٹزرلینڈ میں پاکستان کے سفیر ہیں۔

متعلقہ عنوان :