نیویارک میں نسدک کی عمارت پر نصب سکرین پر 70ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں پاکستانی پرچم کی نمائش

پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ، ڈاکٹر ملیحہ لودھی

جمعہ 26 اگست 2016 14:24

نیویارک ۔ 26 اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) امریکی سٹاک ایکسچینج نسدک کی عمارت پر نصب سکرین پر 70ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں پاکستانی پرچم کی نمائش کی گئی ۔ اس موقع پر ایک تقریب بھی منعقد ہوئی جس سے اقوام متحدہ کیلئے پاکستان کی مستقل مندوب ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے خطاب کیا۔ ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے نسدک سٹاک ایکسچینج کی اس کی ٹریڈنگ بند ہونے کی علامت کے طور پر اختتامی گھنٹی بھی بجائی ۔

تقریب کو نسدک کی عمارت پر نصب سکرین پر اور کئی ٹی وی چینلز نے براہ راست دکھایا۔ اس موقع پر تاجروں اور سرمایہ کاروں سے خطاب میں ڈاکٹر ملیحہ لودھی نے کہاہے کہ پاکستان ترقی کی شاہراہ پر گامزن ہے ۔ ملیحہ لودھی ،جنہوں نے خود بھی اس موقع پر سبز لباس پہن رکھا تھا، نے کہا کہ انہیں نسدک کی سکرین پر سبز پاکستان پرچم کی نمائش پر بے حد خوشی ہوئی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہم بزنس کرنے والوں اور غیر ملکی سرمایہ کاروں کو پاکستان میں خوش آمدید کہتے ہیں۔ انہوں نے پاکستان امریکن بزنس ایسوسی ایشن کی طرف سے تقریب کے انعقاد پر مسرت کا اظہار کیا اور اس تقریب میں شرکت کو اپنے لئے باعث اعزاز اقرار دیا۔ انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت نے موٴثر انداز میں بحالی ہدف حاصل کرلیاہے اوراب تیز رفتار ترقی کیلئے یہ اقتصادی استحکام سازگار ماحول کی فراہمی اور جمہوری استحکام کے نتیجہ میں حاصل ہواہے۔

پاکستان کے غیر ملکی زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ ہواہے ۔افراط زر کی شرح میں کمی ہوئی ہے اور سمندر پار سے ترسیلات کا زیادہ تناسب اس کی تیز ترین رفتار سے ترقی کیلئے زبردست موقع فراہم کرتا ہے۔ انہوں نے کہاکہ ہم دنیا کے مختلف حصو ں کو مواصلاتی ،توانائی اور تجارتی راہداری کے ذریعے ایک دوسرے سے جوڑ کر پاکستان کو علاقائی مرکز بنانے کے ویژن پر بھرپور انداز میں عمل پیرا ہیں ۔

انہوں نے اس موقع پر وزیر اعظم محمد نواز شریف کاپیغام بھی پڑھ کرسنایاجس میں وزیر اعظم نے کہاتھاکہ محنتی عوام اور مستحکم جمہوریت سے پاکستان کا مستقبل روشن ہے۔ اس موقع پر نسدک کے سینئر عہدیدار اینڈریوپال نے اپنے خطاب میں پاکستانی عوام اور حکومت کو 70یوم آزادی کے موقع پر مبارکباد دی ۔تقریب سے پاک امریکن بزنس ایسوسی ایشن کے چیئرمین ایم صدیق شیخ نے بھی خطاب کیا۔