سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا ‘امن اور ترقی کی راہ میں حائل عناصر اور ان کے سرپرستوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا، گوادرکی تحصیل سنٹ سر کے علاقے کلدان میں لیویز اہلکاروں پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت مذمت کرتے ہیں ،وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری

جمعہ 26 اگست 2016 14:18

کوئٹہ۔26اگست (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اگست۔2016ء) وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے کہاہے کہ سیکورٹی فورسز کی قربانیوں کے نتیجے میں قائم ہونے والے امن کو کسی صورت خراب نہیں ہونے دیا جائے گا امن اور ترقی کی راہ میں حائل عناصر اور ان کے سرپرستوں کو جلد کیفر کردار تک پہنچا دیا جائے گا۔وزیراعلیٰ بلوچستان نے ضلع گوادرکی تحصیل سنٹ سر کے علاقے کلدان میں لیویز اہلکاروں پر دہشتگردوں کے حملے کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے فائرنگ سے لیویز اہلکاروں اورتحصیلدار جیونی نعیم گچکی کی شہادت پر دلی رنج و غم کا اظہار کیاہے کمشنر مکران سے واقعہ کی تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ واقعہ میں ملوث دہشتگردوں کی گرفتاری کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں اور ان کے ٹھکانوں تک ان کا پیچھا کیا جائے وزیراعلیٰ نے کہا ہے کہ دہشتگرد بزدلانہ کاروائی کرتے ہوئے چھپ کر وار کررہے ہیں لہذا سیکورٹی اداروں کو ہمہ وقت مستعد اور چوکس رہنا ہوگا تاکہ دہشت گردوں کو کسی قسم کی کارروائی کا موقع نہ مل سکے اور کسی حملے کی صورت میں انہیں بھرپور جواب دیا جاسکے ۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی ہے کہ علاقہ میں تمام سیکورٹی ادارے مشترکہ طور پر سرچ آپریشن کرکے دہشتگردوں کو ان کے انجام تک پہنچائیں ۔ دہشت گردی کی اس قسم کی کاروائیاں کسی طور قابل برداشت نہیں انہوں نے کہا کہ دہشتگرد ایک سوچے سمجھے منصوبے کے تحت اپنے آقاؤں کے اشارے پر بلوچستان میں بدامنی پیدا کرنا چاہتے ہیں حکومت اندرونی اور بیرونی سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے پر عزم ہے اور دہشت گرد ہمارے ارادوں کو کمزور نہیں کرسکتے ہماری بہادر سیکورٹی فورسز آخری دہشت گرد کے خاتمے تک ان کاپیچھا جاری رکھیں گی۔

وزیراعلیٰ نے واقعہ میں شہید ہونے والے لیویز اہلکاروں کے لواحقین سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ شہداء کے درجات بلند فرمائے اور پسماندگان کو صبر جمیل عطا کرے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحتیابی کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیاہے۔ درایں اثناء۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے ایم ایس چمن ہسپتال ڈاکٹر اختر کے بیٹے اسفند کے اغواء کے واقعہ کا سختی سے نوٹس لیتے ہوئے ڈپٹی کمشنر قلعہ عبداللہ اور پولیس حکام کو مغوی کی فوری اور باحفاظت بازیابی کو یقینی بنانے کی ہدایت کی ہے ۔

وزیراعلیٰ نے چمن میں اغواء کی وارداتوں پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ صورتحال کی بہتری کیلئے انتظامیہ اور پولیس موثر اقدامات کرے اور ان وارداتوں میں ملوث عناصر کو جلد از جلد کیفر کردار تک پہنچانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے ۔ وزیراعلیٰ نے چمن شہر میں سیکورٹی انتظامات میں اضافہ کرنے کی ہدایت بھی کی ہے۔

متعلقہ عنوان :