امریکہ کاپھر پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ

جمعہ 26 اگست 2016 13:26

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان سے دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدت پسندوں کے خلاف اسلام آباد اور کابل کو تعاون بڑھانا ہوگا۔امریکی دفتر خارجہ کی ترجمان الزبتھ ٹروڈو نے صحافیوں کو بتایا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان اور افغانستان کو آپس میں تعاون بڑھانا ہو گا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان میں عسکریت پسندوں کے محفوظ ٹھکانوں کے حوالے سے متعدد بار اپنے تحفظات کا اظہار کر چکے ہیں، پاکستان کی مسلح افواج کے سربراہ جنرل راحیل شریف دہشت گردوں کے خلاف بلا تفریق کارروائی کا بیان دے چکے ہیں لہذا پاکستان دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائیاں کرے۔ترجمان امریکی دفتر خارجہ نے کہاکہ افغانستان کے دارلحکومت کابل میں امریکی یونیورسٹی پر حملے کی ذمہ داری کے حوالے سے کچھ نہیں کہہ سکتے تاہم یونی ورسٹی پر حملے کے بعد شدت پسندوں کے خلاف اقدامات کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

ایک سوال پر انہوں نے کہاکہ امریکہ اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر کام کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح پرتشدد واقعات رونما نہ ہوں۔مسز ٹروڈو نے کہا کہ پاکستانی آرمی چیف جنرل راحیل شریف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں کوئی امتیاز نہیں کریں گے اور یہ حملہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں ابھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔

متعلقہ عنوان :