خطے میں معاشی استحکام کیلئے بے پناہ کوششیں کیں ‘ پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے ‘وزیر اعظم

جمعہ 26 اگست 2016 13:21

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ خطے میں معاشی استحکام کیلئے بے پناہ کوششیں کیں ‘ اقتصادی شعبے کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہی پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے ‘پاکستان سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کیلئے ہر وقت تیار ہے ‘فورم سے امن کیلئے کئے جانے والے تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے ‘کسٹمز، دوہرے ٹیکس، اقتصادی اور مالیاتی تعاون کے بارے کانفرنس میں غورو خوض سارک کو زیادہ بامقصد بنانے میں معاون ہوگاوہ جمعہ کو جنوبی ایشیائی تنظیم برائے علاقائی تعاون( سارک) ممالک کے وزرائے خزانہ کے آٹھویں اجلاس کی افتتاحی نشست سے خطاب کررہے تھے ۔

وزیر اعظم نواز شریف نے کہا کہ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان 9اور10 نومبر کو اسلام آباد میں انیسویں سارک سربراہ کانفرنس کی میزبانی کا منتظر اورتنظیم کو آگے لے جانے کا خواہاں ہے ‘پاکستان سارک کے پلیٹ فارم کے ذریعہ علاقائی ترقی پر یقین رکھتا ہے کیونکہ یہ علاقے میں امن کیلئے آگے بڑھنے کا راستہ ہے ، پاکستان خطے کے عوام کی امیدوں کو پورا کرنے کیلئے اس ضمن میں اپنا کردار دا کرتا رہے گا۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم نے کہاکہ پاکستان نے خطے میں قیام امن کیلئے بہت کوششیں کیں اور اہم کردار ادا کیا، علاقائی سطح پر بھی سماجی برائیوں پر قابو پانے کی کوشش کی بھرپور کوشش کر رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ہم نے سرمایہ کاری کے لئے حالات کو پرامن اور موافق کیا، خطے میں معاشی استحکام کیلئے بے پناہ کوششیں کیں اور اقتصادی شعبے کی مثبت پالیسیوں کی بدولت ہی پاکستان درست سمت کی جانب گامزن ہے، آج پاکستان سرمایہ کاری کے لئے محفوظ ترین ملک ہے۔

وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ 3 دہائیاں قبل سارک ممالک کی لیڈر شپ نے عہد کیا تھا کہ خطے میں سیاسی، معاشی استحکام اور عوام کا معیار زندگی بلند کرنے کیلئے کوشش کی جائیں گی ‘گزشتہ 30 سالوں سے سارک خطے میں امن کے قیام کیلئے پلیٹ فارم فراہم کررہا ہے اور سماجی برائیوں کی ختم کرنے کی کوشش کی جارہی ہے ‘سارک نے جنوبی ایشیا میں بہتر ماحول کے لئے اہم کردار ادا کیا۔

نوازشریف نے کہا کہ پاکستان سارک ممالک کے ساتھ مل کر کام کرنے کے لئے ہر وقت تیار ہے، اس فورم سے امن کے لئے کئے جانے والے تمام مثبت اقدامات کی حمایت جاری رکھیں گے۔وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ تنظیم کے پس پردہ سوچ جنوبی ایشیاء کے عوام کی فلاح وبہبود ہے ، خطے میں بے پناہ انسانی اور قدرتی وسائل ہیں، دنیا کا آبادی کا پانچواں حصہ اس خطے میں آباد ہے اور علاقے کی ترقی کیلئے دستیاب مواقع سے بھرپور استفادہ کیا جانا چاہئے۔

انہوں نے کہا کہ تنظیم کا سماجی منشور آگے بڑھنے کا حقیقی راستہ ہے اور ہمارا ملک اس ضمن میں سارک کے تمام اقدامات کی حمایت کریگا۔ انہوں نے صحت اورتعلیم کے شعبوں میں تنظیم کے وسیع تر کردار کی ضرورت پر زوراور اسلام آباد میں مندوبین کا خیرمقدم کرتے ہوئے امید ظاہرکی کہ وہ تنظیم کو زیادہ فعال اورموثر بنانے کیلئے مفید سفارشات پیش کریں گے۔ انہوں نے توقع ظاہرکی کہ کسٹمز، دوہرے ٹیکس، اقتصادی اور مالیاتی تعاون کے بارے کانفرنس میں غورو خوض سارک کو زیادہ بامقصد بنانے میں معاون ہوگا۔

متعلقہ عنوان :