نئے ڈیموں کی تعمیر کیلئے قرار داد ،پنجاب ہائی وے پٹرول میں 3700آسامیاں خالی ہونے پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی میں جمع

جمعہ 26 اگست 2016 13:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اگست ۔2016ء) اپوزیشن نے نئے ڈیموں کی تعمیر کے لئے قرار داد اور پنجاب ہائی وے پٹرول میں 3700آسامیاں خالی ہونے کے معاملے پر تحریک التوائے کار پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں جمع کروا دی ۔ گزشتہ روز پاکستان تحریک انصاف کے اراکین پنجاب اسمبلی سعدیہ سہیل رانا اور ڈاکٹر مراد راس نے ایک مشترکہ قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروا دی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ پنجاب کے یہ مقدس ایوان وفاقی حکومت سے بڑے ڈیموں کی تعمیر کا مطالبہ کرتا ہے ڈیم نہ ہونے کی وجہ سے سالانہ 1800 ارب روپے کا پانی سمندر برد ہو رہا ہے موجودہ آبی ذخائر (ڈیم، بیراج) مٹی سے بھر چکے ہیں جس کی وجہ سے ان میں پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش 25 فیصد کم ہوچکی ہے تین بڑے پانی کے ذخائر تربیلہ، منگلا اور چشمہ میں پانی ذخیرہ کرنے کی مجموعی گنجائش 1 کروڑ 57 لاکھ 49 ہزار ایکڑ فٹ سے کم ہو کر 1کروڑ 40 لاکھ 10 ہزار ایکڑ فٹ رہ گئی ہے اس طرح 17 لاکھ 39 ہزار ایکڑ فٹ پانی ذخیرہ کرنے کی گنجائش ڈیموں میں مٹی جمع ہونے کے باعث ضائع ہو گئی ہے۔

(جاری ہے)

ہر سال 2 کروڑ 93 لاکھ 80 ہزار ایکڑ فٹ پانی گزشتہ 39 سال سے پاکستان میں دستیاب ہونے کے باوجود استعمال میں لائے بغیر سیدھا سمندر جا رہا ہے ۔ جبکہ مسلم لیگ (ق) کی رکن اسمبلی خدیجہ عمر فاروقی نے پنجاب ہائی وے پٹرول میں3700آسامیاں خالی ہونے کے معاملے پر تحریک التوائے کار جمع کروائی جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیراعلیٰ چوہدری پرویز الٰہی نے2003ء میں پنجاب ہائی وے پٹرول کا ادارہ بنایاتھا جس کا مقصد محفوظ سفر اور شاہراہوں کو روڈ ڈکیتیوں سے پاک کرنا تھا ۔

جب تک چوہدری پرویز الٰہی کی حکومت قائم رہی شاہراہیں محفوظ تھیں اور2008کے بعد پنجاب کی سڑکیں موت کے کنویں اور ڈاکو ؤں کے ڈاکوں کی شکار ہوگئیں ۔انہوں نے کہا کہ اس وقت پنجاب ہائی وے پٹرول میں106ڈی ایس پی ،350سب انسپکٹر540اسسٹنٹ سب انسپکٹر ، 2485کانسٹبیل اور 244ڈرائیوروں کی آسامیاں خالی ہیں۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الٰہی کے منصوبے نہ صرف عوام کی جان و مال کے تحفظ اور مفاد عامہ کیلئے تھے بلکہ وہ روزگا ر کی فراہمی کیلئے ایک بڑا وسیلہ بھی تھے ۔

پرویز الٰہی سے سیاسی دشمنی میں ذاتی انتقام کیلئے شہباز حکومت نے عوامی خدمت کے ان اداروں کو تباہ و برباد کردیا۔انہوں نے کہا کہ 498گاڑیوں میں سے اس وقت صرف98گاڑیاں روڈ پر ہیں وہ بھی حکمران خاندان کے افراد کو تحفظ دینے کیلئے استعمال کی جارہی ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ میری یہ تحریک منظور کرکے ایوان میں اس پر بحث کروائی جائے۔