آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا افغان صدر سے رابطہ ۔ کابل میں امریکن یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی اور ہلاک افراد کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعہ 26 اگست 2016 12:30

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کا افغان صدر سے رابطہ ۔ کابل میں امریکن یونیورسٹی ..

راولپنڈی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔26 اگست۔2016ء) آرمی چیف اور افغان صدر کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا۔ جنرل راحیل شریف نے کابل میں امریکن یونیورسٹی پر حملے کی مذمت کی اور ہلاک افراد کے ورثا سے ہمدردی کا اظہار کیا۔ آئی ایس پی آر کے مطابق جنرل راحیل شریف نے اس عزم کو دہرایا کہ پاک سرزمین کسی کے خلاف استعمال نہیں ہونے دیں گے۔

(جاری ہے)

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے افغان حکام نے تین موبائل نمبر پاکستان کے ساتھ شیئر کئے اور کہا دہشتگرد مبینہ طور پر دھماکہ کرنے والے کے ساتھ ان نمبرز سے رابطے میں تھے۔ پاک فوج نے پاک افغان بارڈر کے قریب سرچ آپریشن بھی کیا تاہم فراہم کردہ نمبر افغانستان کی کمپنی کے ہی نکلے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے افغان صدر کو بھرپورتعاون کا یقین دلایا ہے۔ جنرل راحیل شریف سے افغانستان میں اتحادی افواج کے کمانڈر جنرل جان نکلسن اور امریکی نمائندہ خصوصی رچرڈ اولسن نے ملاقات کی۔ امریکی وفد نے خطے میں استحکام اور دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاک فوج کے عزم اور کوششوں کو سراہا۔