پاکستان اور افغانستان مل کر دہشت گردی کیخلاف کام کریں: امریکہ

جمعہ 26 اگست 2016 12:25

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 اگست۔2016ء) امریکہ نے ایک بار پھر پاکستان اور افغانستان پر زور دیا ہے کہ وہ پر تشدد اور انتہاپسندی پر مبنی واقعات کی روک تھام کیلئے مل کر کام کریں ترجمان امریکی محکمہ خارجہ ایلزبتھ ٹروڈومیڈیا کو بریفننگ دیتے ہوئے کہا کہ امریکہ دہشتگردی اور انتہا پسندی کے خلاف تعاون کے لئے ہمیشہ پاکستان اور افغانستان کی حوصلہ افزائی کرتا رہا ہے۔

ہم دہشتگردوں کے محفوظ ٹھکانوں کے حوالے سے مسلسل حکومت پاکستان سے تحفظات کا اظہار کرتے رہے ہیں۔ حکومت پاکستان سے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔ افغانستان میں امریکی یونیورسٹی میں ہونے والے حملے پر ترجمان کا کہنا تھا کہ کابل میں امریکی یونیورسٹی پر حملے میں ملوث میں کون ملوث ہیں؟ اس بارے میں ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا تاہم امریکا اس بات کی حوصلہ افزائی کرتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان دونوں مل کر کام کریں تاکہ مستقبل میں اس طرح پرتشدد واقعات رونما نہ ہوں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ امریکہ نے اس حوالے سے پاکستان کی اعلیٰ ترین قیادت کے ساتھ اپنی تشویش کا اظہار کیا ہے اور اس ضرورت پر زور دیا ہے کہ وہ انتہاپسندوں کو محفوظ پناہ گاہیں فراہم نہ کرے۔ہم نے حکومت پاکستان پر یہ بھی زور دیا ہے کہ وہ اپنے وعدوں پر عمل کرتے ہوئے دہشت گرد گروپوں میں ان کی وابستی اور ایجنڈے کی بنیاد پر امتیاز نہ برتے۔مسز ٹروڈو کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف پہلے ہی کہہ چکے ہیں کہ وہ اس سلسلے میں کوئی امتیاز نہیں کریں گے اور یہ حملہ یہ ظاہر کرتا ہے کہ ہمیں اس سلسلے میں ابھی مزید اقدامات کرنے کی ضرورت ہے ۔